محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس نے سخت کارروائی عمل میں لائی۔ ایس او ٹریفک محمد معروف کی نگرانی میں شہر اور مضافاتی علاقوں میں خصوصی ناکے لگائے گئے جن کے دوران متعدد گاڑیوں کے چالان کاٹے گئے اور ڈرائیوروں کو قوانین کی پابندی کی تلقین کی گئی۔اس موقع پر ایس او محمد معروف نے کہا کہ یہ کارروائی محض ایک دن یا کسی مخصوص مہم تک محدود نہیں بلکہ روزانہ کی بنیاد پر کی جاتی ہے تاکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے شعور اجاگر ہو۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ صرف ہر ڈرائیور کی قانونی ذمہ داری ہے بلکہ اس سے حادثات میں کمی اور انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہوتا ہے۔ایس او نے بتایا کہ ٹریفک پولیس عوامی بیداری کے لئے موقع پر تنبیہ کے ساتھ ساتھ میڈیا کے ذریعے بھی مسلسل آگاہی مہم چلا رہی ہے تاہم جو شہری بار بار قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے اور کسی کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں برتا جاتا۔انہوں نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ گزشتہ عرصہ میں عوام کے رویے میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور بڑی حد تک لوگ قوانین کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے لگے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کا بنیادی مقصد حادثات کو کم سے کم بلکہ صفر تک لے جانا ہے اور اس کیلئے عملے کی کوششیں جاری رہیں گی۔ٹریفک پولیس پونچھ نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں تاکہ نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان و مال کی حفاظت بھی ممکن بنائی جا سکے۔