واشنگٹن //امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلائی فورس تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے ۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے خلائی فورس بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خلائی فورس زمین کے باہر بھی ہماری بالادستی کو یقینی بنائے گی، چین اور روس سے پہلے ہم خلا میں موجود ہوں گے ۔ایجنسی کے مطابق ٹرمپ خلا پر بالادستی چاہتے ہیں اور ان کی جانب سے خلائی فورس بنانے کا اعلان سامنے آیا ہے ،اس کے ساتھ ہی صدر ٹرمپ نے چاند،مریخ اور خلا پر امریکی بالادستی کے حصول کے لیے نئے اقدامات اور منصوبوں کا اعلان کیا ہے ۔قانون سازوں کا کہنا ہے کہ خلائی فورس راتوں رات نہیں بن سکتی اور اس کے لیے صرف اعلان کردینا کافی نہیں بلکہ اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے وقت اور پیسہ اور قانون سازی کی بھی ضرورت ہوگی۔بی بی سی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ملٹری کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی فورس کی چھٹی شاخ کے قیام کے لیے کام شروع کرے جو 'اسپیس فورس' ہو گی۔امریکی صدر نے پیر کو کہا کہ اس نئی شاخ کے قیام سے قومی سلامتی اور معیشت کو مدد ملے گی کیونکہ اس سے روزگار ملے گا۔انھوں نے کہا ''یہ صرف کافی نہیں ہے کہ خلا میں امریکی موجودگی ہو۔ ہم پر لازم ہے کہ خلا میں امریکی غلبہ ہو۔''وائٹ ہاؤس میں بات کرتے ہوئے انھوں نے عزم کیا کہ امریکہ ایک بار پھر چاند پر امریکی بھیجے گا اور پھر مریخ پر۔''میں محکمہ دفاع اور پنٹاگن کو حکم دیتا ہوں کہ فوری طور پر آرمڈ فورسز کی چھٹی شاخ اسپیس فورس کے قیام پر کام شروع کریں۔''انھوں نے مزید کہا کہ یہ بات قابل قبول نہیں ہے کہ چین اور روس کو خلا میں سبقت حاصل ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ وفاقی ایجنسیوں کو احکامات جاری کریں گے کہ اسپیس ٹریفک مینجمنٹ کے لیے جدید فریم ورک مرتب کریں۔نئی اسپیس فورس کے بارے میں مزید تفصیلات مہیا نہیں ہیں کہ یہ کیسی ہو گی اور اس کا کام کیا ہو گا۔تاہم ملٹری کی جانب سے نئی شاخ تشکیل دینے کے لیے امریکی کانگریس کی جانب سے قانون کی منظوری ضروری ہے۔