رانچی، 8اکتوبر (یو این آئی) بارش سے متاثرہ پہلے ٹوئنٹی ۔20میچ میں آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی نے کہاکہ ٹاس جیت کر گیندبازی کرنے کا ان کا فیصلہ صحیح ثابت ہوا۔ہندستان نے سنیچر رات کھیلے گئے پہلے بارش سے متاثرہ ٹونٹی۔20 میچ میں آسٹریلیا کو ڈکورتھ لوئس ضابطہ کے تحت 9وکٹ سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1-0کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ ہندستان کی ٹوئنٹی۔20 بین الاقوامی میچوں میں یہ پچاسویں جیت تھی اور وہ اس کامیابی کو حاصل کرنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے ۔ وراٹ نے میچ کے بعد کہاکہ ٹاس جیت کر گیند بازی کرنے کا فیصلہ صحیح ثابت ہوا۔ حالانکہ ڈکورتھ لوئس ضابطہ ہمیں سمجھ میں نہیں آیا۔ مخالف ٹیم کو 118رن پر روکنے کے بعد ہمیں لگا کہ جیت کے لئے 40رن کے آس پاس کا ہدف ملے گا لیکن یہ 48کیسے ہوگیا میری سمجھ میں نہیں آیا۔ ایسے چھوٹے ہدف والے میچ کافی مشکل ہوجاتے ہیں۔ کپتان نے اپنے اسپن گیندبازوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اگر آپ کلائی سے گیندبازی کرنے والے کھلاڑیوں کو موقع دیں اور ان پر اعتماد کریں تو وہ آپ کو مسلسل جیت دلا سکتے ہیں ۔ ہوسکتا ہے کہ کسی ایک میچ میں وہ وکٹ نہ لے سکیں اور مہنگے ثابت ہوں لیکن اگلے چار پانچ میچوں میں وہ آپ کو جیت دلا سکتے ہیں۔ آسٹریلیا نے اپنی اننگز میں بارش آنے کے تک 18.4اوور میں آٹھ وکٹ پر 118رن بنائے تھے ۔ کھیل شروع ہونے کے بعد ہندستان کو چھ اوور میں 48رن کا ہدف ملا تھا جو اس نے 5.3اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 49رن بناکر حاصل کرلیا۔وراٹ نے اسپن کے علاوہ اپنے تیز گیندبازوں کی بھی جم کر تعریف کی۔ انہو ں نے کہاکہ بھووی اور بمراہ محدود اووروں کے شاندار گیند باز ہیں۔ سٹیک یارکر اور سلوور گیندیں پھینکنے کے لئے آپ میں صلاحیت ہونی چاہئے لیکن اس کے ساتھ ہی اچھا دماغ بھی چاہئے تاکہ بلے باز غلطیاں کرے اور غلط جگہ شاٹ کھیلے ۔ یہ جیت تمام کھلاڑوں کی اجتماعی کوشش سے ملی ہے ۔ چائنا مین گیند باز کلدیپ یادو نے 16رن پر دو وکٹ لئے اور ان کی اس شاندار کارکردگی کے لئے انہیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ٹوئنٹی۔20بین الاقوامی میچوں میں کلدیپ کا یہ پہلا مین آف دی میچ ایوارڈ ہے ۔ کلدیپ نے کہا کہ ٹوئنٹی۔20میں یہ میرا پہلا مین آف دی میچ ایوارڈ ہے ۔ میں ہمیشہ وکٹ حاصل کرنے کے بارے میں سوچتا ہوں۔ یہی میرے اور ٹیم کے لئے اہم ہے ۔ آئندہ میچوں میں خوداعتمادی حاصل کرنا میرا ہدف ہے ۔ وہیں شکست سے مایوس آسٹریلیا کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہاکہ یہ ہمارے لئے خراب نتیجہ ہے ۔ ہم آئندہ میچوں میں بہترکارکردگی کرنے کی کوشش کریں گے ۔ اس میچ میں تو ہم تقریباََ 120رن پر آل آوٹ ہوہی گئے تھے ۔ ہمارے گیندبازوں نے کچھ ٹھیک کھیل دکھایا۔ ہم نے اس میچ میں جیتنے والی کارکردگی نہیں دکھائی۔ی