واشنگٹن//امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں برس کے آخر تک کورونا کی ویکسین تیار کرلی جائے گی اور اسے مفت فراہم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ تاہم امریکی سائنسدانوں نے کہا ہے کہ اس سال ویکیسن کی بڑے پیمانے پر فراہمی کاامکان نہیں ہے ۔وائٹ ہاوس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی صدرنے ویکسین کی تیاری میں تیزی لانے کے لئے ‘آپریشن وارپ اسپیڈ’ کااعلان کیا جس کی سربراہی چیف سائنسدان ا ور امریکی فوج کے جنرل کریں گے ۔امریکی صدر نے ویکسین کی تیاری کو مین ہٹن پروجیکٹ کے بعد امریکی تاریخ کی وسیع پیمانے پر سائنسی، صنعتی اور لاجسٹکس کی کوشش قرار دیا۔ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں صحافیوں کو یہ اطلاع دی ۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ -19 کی ویکسین تیار کرنے کی کوششوں کو تیز کرنے کے لئے یہ نیا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جوکہ وفاقی ایجنسیوں کے درمیان ایک تاریخی شراکت داری ہے ۔مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ حکومت کووڈ -19 کی ویکسین تیار کرنے کی سمت میں کام کر رہی تقریباََ 100 ٹیموں کے کاموں کا جا ئزہ لے رہے ہیں جس سے 14 ٹیموں کو امید افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔