عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
ہنوئی//ویتنام کے وسطی علاقے میں گزشتہ چند دنوں سے ہو رہی شدید بارش کی وجہ سے تین افراد کی موت ہوگئی ہے ۔قدرتی آفات کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی نے منگل کو اطلاع دی کہ صوبہ نگھے میں تین افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ۔ مزید برآں،تھان ہوا، نگہ این، ھا تنہتھوا تھنے ھو اور کوانگ نام صوبوں میں 329 سے زیادہ گھروں کو نقصان پہنچا۔ علاقے میں تقریباً پانچ ہزار ہیکٹر چاول اور زرعی پیداوار زیر آب آگئی۔جنرل شماریات کے دفتر کے مطابق اس سال کے پہلے آٹھ مہینوں میں جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں قدرتی آفات میں 147 افراد ہلاک اور لاپتہ ہو چکے ہیں۔ادھربرطانیہ کے کچھ حصوں میں 24 گھنٹوں میں ایک ماہ سے زیادہ کی بارش برسنے کے باعث سیلاب آ گیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے بیش تر علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث انگلینڈ اور ویلز کے کچھ حصوں میں بڑے پیمانے پرسیلابی صورت حال ہے ۔سڑکیں تالاب بن گئی ہیں، گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں، کئی موٹر ویز اور اہم شاہراہیں بند کر دی گئیں، بس اور ٹرین سروسز بھی شدید متاثر ہوئی ہیں، نظام زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ۔میٹ حکام کے مطابق 120 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ، میٹ آفس نے شدید سیلاب کا خطرہ بھی ظاہر کر دیا ہے ۔اس دوران سعودی عرب میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے جمعے تک مملکت کے کئی علاقوں میں مسلسل گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔سعودی خبر رساں ادارے اخبار 24 کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں۔سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع کے مطابق شہری سیلاب والے مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات کے قریب نہ جائیں۔ ایسے مقامات پر جہاں پانی جمع ہوجاتا ہے تیراکی کرنے سے گریز کریں۔بیان میں کہا گیا کہ بارش کے دوران سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع ابلاغ کے توسط سے جاری کی جانے والی ہدایات کی سختی سے پابندی کریں۔بیان کے مطابق الباحہ، عسیر اور جازان کے علاقے بھی درمیانے درجے کی بارش کی زد میں رہیں گے جبکہ نجران میں آئندہ چند دنوں کے دوران درمیانے درجے کی بارش کی توقع ہے ۔الخرمہ، تربہ، رنیہ، مکہ مکرمہ، الجموم، المویہ، اللیث اور القنفذہ میں ہلکی سے درمیانے درجے تک بارش کا امکان ہے ۔