اشتیاق ملک
ڈوڈہ // ولیج ڈیفنس گروپ کے ممبر کے ساتھ مبینہ مار پیٹ کے معاملہ کا ایس ایس پی ڈوڈہ نے سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایک پولیس کانسٹیبل کو معطل کر کے مزید تحقیقات کے احکامات صادر کئے ہیں۔پولیس میڈیا سیل ڈوڈہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پولیس پوسٹ پریم نگر میں تعینات کانسٹیبل محمد ضیاء نے ایک وی ڈی جی ممبر کو زدوکوب کیا جس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا نے مذکورہ پولیس کانسٹیبل کو معطل کر کے ضلع پولیس لائن ڈوڈہ کے ساتھ اٹیچ کیا ہے۔اس معاملہ کی جامع تحقیقات کے لیے محکمانہ انکوائری کا حکم دیا گیا ہے اور ایک سینئ افسر کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ انکوائری رپورٹ پندرہ دن کے اندر جمع کرانی ہوگی۔ اس انکوائری کے حصے کے طور پر اس وقت کے ایس ایچ او تھانہ ٹھاٹھری ڈی وائی ایس پی (پی) عفیر جلیل کے کردار کی بھی مکمل جانچ کی جائے گی۔انکوائری افسر کو ان کے کردار کا جائزہ لینے اور مزید ضروری کارروائی کے لیے مخصوص نتائج پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔واضح کیا جاتا ہے کہ اس معاملے کو ضلع پولیس نے سنجیدگی سے لیا ہے، اور جو بھی شخص اس میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔