واگہہ (امرتسر) // فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان پاکستان کی حراست سے رہا ہونے کے بعد جمعہ کی شام ہندوستان واپس آگئے۔ واگہہ سرحد پر پاکستان کے فوجی حکام نے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے حکام کو سونپا۔ ونگ کمانڈر نے نوبجکر 22منٹ پر ہندستانی حدود میں قدم رکھا اور بی ایس ایف کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔ سنجیدہ نظر آرہے ونگ کمانڈر نے بی ایس ایف کے حکام سے ہاتھ ملایا۔اس کے بعد وہ انہیں لینے کیلئے آئے فضائیہ کے حکام کی ٹیم سے ملے اور انہیں طبی معائنہ کے لئے لے جایا گیا۔ فضائیہ کے ایک سینئر افسر نے کہاکہ انہیں فوری طورپر طبی معائنہ کے لئے لے جایا گیا۔ابھینندن کے استقبال کے لئے خاص طورپر اٹاری۔واگہہ کا گیٹ کھولا گیا جہاں سے رات نو بجکر 20منٹ پر وہ ہندستانی سرحد میں داخل ہوئے۔ایئروائس چیف مارشل آر جی کے کپور نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ تقریباََ 60گھنٹے پاکستان میں رہنے کے بعد ونگ کماندر ابھینندن ہندستان واپس آئے ہیں۔ ونگ کمانڈر کو طبی معائنہ کے لئے آرمی کے اسپتال میں لے جایا جائے گا۔ اس کے بعد وہاں سے انہیں کنبہ سمیت ایئر بیس سے ایئرکرافٹ کے ذریعہ دہلی لے جایا جائے گا۔ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کی واگھہ سرحد سے ہندستان واپسی کے مدنظر انتظامات اور لوگوں کے جوش کے پیش نظر بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے واگہہ سرحد پر ہونے والے بیٹنگ ریٹریٹ پروگرام کو منسوخ کردیا۔ابھی نندن کی واپسی پر خوشی میں مسحور ہزاروں لوگ واگہہ سرحد پر موجود تھے۔ لوگ زبردست جو ش و خروش میں ناچ گا رہے تھے۔ یہاں موجودلوگوں کا کہنا تھا کہ ریٹریٹ پروگرام منسوخ ہونے کا انہیں کوئی افسوس نہیں ہے۔ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ ہر ہندوستانی کو ان پر فخر ہے۔ مودی نے یہاں ریلوے پروجیکٹ کا افتتاح کرنے کے بعد اور ریلی میں اپنا خطاب شروع کرنے سے پہلے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہوئی کہ پائلٹ ابھینندن تمل ناڈو سے تعلق رکھتے ہیں اور وزیر دفاع نرملا سیتا رمن بھی تمل ناڈو کی ہیں۔