ڈورو//ونپوہ قاضی گنڈ میں مقیم کشمیری پنڈت تریلوکی ناتھ کی آخری رسومات مقامی مسلم آبادی نے ہندومذہب کے مطابق انجام دیں۔ 75سالہ ترلوکی ناتھ نے وادی سے ہجرت نہیں کی تھی اور وہ مسلسل اپنی ہی گائوں میں مقیم رہا ۔آنجہانی کو مقامی مسلمانوں نے پُرنم آنکھوں سے سپرد آتش کیا ۔مقامی مسلمانوں کا کہنا ہے اُن کے گائوں میں یہ واحد پنڈت گھرانہ ہے لیکن اُنہیں یا انکے لواحقین کو کھبی بھی اقلیت کا احساس نہیں ہوا ۔ علاقہ میں جونہی تریلوکی ناتھ کے فوت ہونے کی خبر پھیل گئی تومقامی آبادی نے تمام مصروفیات ترک کر کے آنجہانی کے گھر کا رخ کیا اور پھر پنڈت بلواکر عین ہندومذہب کے مطابق آنجہانی کی آخری رسومات انجام دی گئیں ۔آنجہانی اپنے پیچھے لڑکا اور لڑکی چھوڑ گیا ہے ۔اس موقعہ ممبر اسمبلی ہوم شالی بگ عبد المجید لارمی اور سابق وزیر صوفی عبد الغفار بھی موجود رہے ۔