عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ممبراسمبلی پلوامہ وحیدالرحمان پرہ جمعرات کے روز کہا کہ اسمبلی نے جموں و کشمیر وقف بورڈ کی بحالی اور متحدہ مجلس علمائے کرام کے تحت اس کی نگہبانی کا مطالبہ کرنے والی قرارداد کو پیش نہیں کیا۔سماجی رابطہ گاہ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں، ممبراسمبلی پلوامہ وحیدالرحمان پرہ نے کہا کہ اسمبلی بیلٹ کے دوران وقف بورڈ کی بحالی سے متعلق قرارداد کو خارج کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کو باضابطہ طور پر اسپیکر عبدالرحیم راتھر کی توجہ میں لایا جائے گا، ان سے درخواست کی جائے گی کہ وہ اسے ایوان کے قانون سازی کے کام میں شامل کرنے کے لیے اپنی صوابدید استعمال کریں۔پرہ نے اس بات پر زور دیا کہ وقف بورڈ ایک حساس، ایمان سے جڑا ادارہ ہے اور دلیل دی کہ اس مسئلہ پر مقننہ میں بحث کی ضرورت ہے۔ پی ڈی پی کے قانون ساز نے میر واعظ عمر فاروق کی قیادت میں بورڈ کی سرپرستی مقامی مذہبی قیادت کو واپس کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔