گاندربل//ژنر وُسن رسیونگ اسٹیشن سے بجلی سپلائی حاصل کررہے کئی علاقوں میںوہاں تعینات عملے کے خلاف ناراضگی پائی جارہی ہے۔کئی علاقوں کے صارفین کا الزام ہے کہ متعلقہ اسٹیشن سے انہیں شیدول کے علاوہ بھی اکثر اوقات بجلی منقطع کی جاتی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رسیونگ اسٹیشن کے وسن فیڈر کی سپلائی معطل کرکے دیگر دو علاقوں کو بجلی سپلائی فراہم کی جاتی ہے جبکہ وسن فیڈر پر وسن،بونہ زل، ہاری پورہ،سمیت دیگر علاقوں کو گھنٹوں بجلی سپلائی منقطع کردی جاتی ہے جس کے نتیجے میں وسیع آبادی گھپ اندھیرے میں رہتی ہے ۔وسن کے مقامی باشندہ منظور احمد نے اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا ”مقررہ شیڈول کے باوجود روزانہ بجلی سپلائی کاٹ کر دیگر علاقوں کو فراہم کی جاتی ہے جس کی بنیاد پر محکمہ بجلی کے اعلیٰ افسران کو بھی آگاہ کیا گیا لیکن کوئی سدھار نہیں ہوا“۔مقامی آبادی نے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال پر فوری طور قابو پایا جائے بصورت دیگر وہ سڑکوں پر نکلنے کیلئے مجبورہوجائیں گے۔