سرینگر//سی آر پی ایف اہلکاروں نے جمعہ کی صبح وسطی کشمیر کے کرالہ پورہ بڈگام علاقے میں اُس وقت ہوا میں گولیوں کے کچھ رراونڈ چلائے جب اُن کی کانوائے پر کچھ نوجوانوں نے سنگباری کی۔
نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق سی آر پی ایف29ویں بٹالین کی کانوائے چھانہ پورہ سرینگر سے ڈونی واری بڈگام جارہی تھی جس کے دوران اُس پر کرالہ پورہ کے نزدیک سنگباری ہوئی۔
اس موقع پر فورسز اہلکاروں نے ہوا میں کئی گولیاں چلائیں لیکن اس واقعہ میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔تاہم گولیاں چلنے کے نتیجے میں علاقے میں سراسیمگی کا ماحول پیدا ہوگیا۔
ادھر پولیس کے ذرائع کے مطابق سی آر پی ایف اہلکار تعیناتی کیلئے جارہے تھے جب اُن پر سنگباری ہوئی اور اُنہوں نے سنگباری کرنے والوں کو بھگانے کیلئے ہوا میں تین یا چار گولیاں چلائیں۔