اشرف چراغ
ہندواڑہ// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے آج نت نوسہ ہندواڑہ کا دورہ کیا اور گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہندواڑہ کی تعمیر کے لئے نشاندہی کی گئی جگہ کا معائینہ کیا۔اِس موقعہ پر وزیر صحت و طبی تعلیم نے مختلف افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندواڑہ میں جی ایم سی کا قیام علاقے کے صحت منظرنامے میں ایک تبدیلی لائے گا۔ اُنہوں نے کہا ،’’ ہندواڑہ میں ایک گورنمنٹ میڈیکل کالج نہ صرف ہمارے لوگوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا بلکہ طبی تعلیم اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ منتخب کردہ جگہ مریضوں کی رسائی، طبی لاجسٹکس اور مستقبل میں توسیع کے لحاظ سے مثالی ہو۔‘‘اُنہوں نے مقامی باشندوں سے بھی بات چیت کی تاکہ ان کی رائے لی جا سکے اور یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ منصوبہ مقامی کمیونٹی کی ضروریات کے مطابق ہو۔اِس موقعہ پر موجود اَفسران نے وزیر موصوفہ کو اِبتدائی سروے اور پروجیکٹ کے لئے درکار قانونی تقاضوں کے بارے میں جانکاری دی۔
بعدمیں وزیر سکینہ اِیتو نے کپواڑہ میں ڈاک بنگلہ میں ایک میٹنگ بھی منعقد کی تاکہ نت نوسہ میں نئی شناخت شدہ جگہ پر جی ایم سی ہندواڑہ کی بروقت تعمیر کی ضروریات کو حتمی شکل دی جا سکے۔وزیر سکینہ اِیتو نے میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی ایم سی ہندواڑہ ایک باوقار پروجیکٹ ہے اور تمام شراکت داروں کو اس کی بروقت تعمیر کے لئے ہم آہنگی سے کام کرنا ہوگا۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تکنیکی جائزے کی رپورٹ کو تیزی سے مکمل کریں اور چند ہفتوں میں جامع پروجیکٹ رپورٹ پیش کریں۔ اُنہوں نے چیف اِنجینئروںجل شکتی اور کے پی ڈی سی ایل کو ہدایت دی کہ اس منصوبے کے لئے بجلی اور پانی کی فراہمی کے اِنتظامات کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں وزیر صحت یہ بھی بتایا کہ جی ایم سی ہندواڑہ کی موجودہ جگہ جو پچھلی انتظامیہ نے منتخب کی تھی، سیلابی ریلے کے باعث قابل عمل نہیں تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس منصوبے کی تعمیر کے لئے پہلے منتخب کی گئی جگہ کے اِنتخاب کے حوالے سے تحقیقات شروع کی گئی ہیں جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ ضلع کپواڑہ کے ممبر اسمبلی کے ساتھ ایک گزشتہ میٹنگ میں جی ایم سی ہندواڑہ کے لئے جگہ کی تبدیلی پر اتفاق کیا گیا تھا کہ نت نوسہ اس منصوبے کی تعمیر کے لئے موزوں مقام ہے اور اسی کے مطابق ضروری رسمی کارروائیاں کی گئی ہیں۔ اُنہوں نے کپواڑہ ضلع کے ممبر اسمبلی سے کہا کہ وہ آپس میں مل کر کام کریں تاکہ یہ باوقار منصوبہ منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے جس سے اس سرحدی ضلع کے لوگوں کو فائدہ پہنچے۔وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ نت نوسہ کی نئی سائٹ کپواڑہ ضلع کے مرکز میں ہے اور یہ تمام سرحدی علاقوں جیسے کرناہ، لولاب، کیرن اور ضلع کے دیگر علاقوں کے لوگوں کے لئے قابل رَسائی ہوگی۔