سرینگر// ریاست میں کام کر رہے مختلف ترقیاتی بورڈز کے وائس چیئرمین نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے اپنے اپنے طبقوں کے معاملات اور مسائل کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی۔ انہوں نے ان طبقوں کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مزید رقومات طلب کیں۔وزیر اعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کی طرف سے اُبھارے گئے معاملات پر ترجیحی بنیادوں پر غور کیا جائے گا اور حکومت کی طرف سے اس حوالے سے موزوں کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ کے ساتھ جن شخصیات نے ملاقات کی اُن میں وائس چیئرمین گوجر بکروال مشاورتی بورڈ چوہدری ظفر علی، وائس چیئرمین کسان ایڈوائزری بورڈ دلجیت سنگھ چِب، وائس چیئرمین پہاڑی ایڈوائزری بورڈ کلدیپ راج گپتا اور وائس چیئرمین او بی سی ایڈوائزری بورڈ رچھپال ورما شامل تھے۔ادھرکئی وفود یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقی ہوئے اور اپنے اپنے مطالبات اُن کی نوٹس میں لائے۔احد زرگر میموریل کمیٹی کے ایک وفد نے مرحوم عبدالاحد زرگر کے مقبرے پر کاموں کو مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ حیدر پورہ سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے علاقہ میں خالی پڑے اراضی کے ایک ٹکڑے پر پارک تعمیر کرنے اور اس سے تجاوزات سے بچانے کے لئے اقدامات اُٹھانے کی مانگ کی۔ماگام کے وفد نے ماگام بیروہ سڑک کو ماگام کے مقام پر کشادہ بنانے کا معاملہ اُٹھایا تا کہ مین چوک میں ٹریفک کی گنجانیت کو کم کیا جاسکے۔ وفد نے تعمیرات عامہ ڈویثرن کو واپس ماگام منتقل کرنے اور قصبہ میں ایک فُٹ برج تعمیر کرنے کا بھی مطالبہ کیانوگام بائی پاس کے ایک وفد نے علاقہ کے لئے ماسٹر پلان کا ازسر نو جائیزہ لینے کی بات کہی۔وزیر اعلیٰ نے ان وفود کو یقین دلایا کہ ان کے جائیز مطالبات پر غور کیا جائے گا اور حکومت کی طرف سے ایک مقررہ مدت کے اندر ان پر کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔