ڈوڈہ//گزشتہ دنوں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ضلع ہسپتال ڈاکٹر کومعطل کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے ضلع بار ایسو سی ایشن نے کہا ہے کہ وزیر صحت اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کے لئے ڈاکٹروں کو بلی کا بکرا بنا رہے ہیں۔ پریس کے لئے جاری ایک ریلیز میں بار صدر ایڈوکیٹ سید عاصم ہاشمی نے کہا کہ ریاستی حکومت بالخصوص وزیر صحت بالی بھگت محکمہ ہیلتھ کی ترویج و ترقی میں پوری طرح سے ناکام رہے ہیں، ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات اور عملہ کی قلت کو پورا کرنے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے اور جب عوامی دبائو بنتا ہے تووزیر موصوف ڈاکٹروں اور افسران کو نشانہ بنا کر عوامی غیض و غضب کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ہسپتال چاروں طرف سے کھلا ہے ،ہسپتال کی اراضی پر ناجائز تجاوزات کی گئی ہیں سینکڑوں نجی گاڑیاں ہسپتال کے احاطہ میں موجود ہیں جس پر کوئی توجہ نہ دی جا رہی ہے ،پورے قصبہ ڈوڈہ کے ندی نالے اِس ہسپتال سے گزرتے ہیں،ایسے میں ہسپتال کے ارد گرد گندگی کو جمع ہونے سے روکنا ناممکن ہے اور اس کے ساتھ ہی وہاں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے درکار افرادی قوت نہ ہونا محکمہ کی ذمہ داری ہے نہ کہ مقامی افسران کی۔ بار صدر نے کہا کہ وزراء کی طرف سے افسران کے کندھوں پر ذمہ داری ڈال کر انہیں ہدف بنانا کسی طور پر بھی جائز نہیں ہے ، حکومت کو چاہئے کہ وہ اس سے قبل تمام ضروری اقدامات کرے ۔