ٹھاٹھری//پی ایچ ای اور آبپاشی کے وزیر شام لال چودھری نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی ہدایت پر ڈوڈہ ضلع کے ٹھاٹھری قصبے کا دورہ کر کے وہاں کل بادل پھٹنے کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے حوالے سے بچاؤ اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کی ۔ اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بوپندر سنگھ بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے وزیر کو مقامی انتظامیہ ، پولیس ، ایس ڈی آر ایف اور فوج کی طرف سے مشترکہ طور کی گئی بچاؤ کاروائیوں کے بارے میں جانکاری دی ۔ وزیر نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ تباہ شدہ جائیداد کی بحالی اور متاثرین کو معقول امداد دلانے کے کام شروع کریں ۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات بہم رکھنے کے ساتھ ساتھ بادل پھٹنے سے متاثرین کو رہایش اور کھانے پینے کی سہولیات بھی مہیا رکھی جانی چاہئیں ۔ شام لال چودھری نے اس حادثے کے دوران مارے گئے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جانبحق ہوئے افراد کے ارواح کی ابدی سکون کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے متاثرہ کنبوں کے ساتھ بھی ملاقات کی اور انہیں حکومت کے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ۔ چیف انجینئر پی ایچ ای جموں ، چیف انجینئر آئی اینڈ ایف سی کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی دورے کے دوران وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔