بانڈی پورہ//عوام تک رسائی کے اپنے پروگرام کے تحت وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی یہاں دو روزہ دورے پر پہنچ گئی ۔دن بھر وزیر اعلیٰ نے 23سے زائد وفود کیساتھ ملاقاتیں کیں۔وفود نے مختلف امن و عامہ معاملات میں ملوث نوجوانوں کے خلاف درج معاملات واپس لینے کے لئے بھی انہیں سراہا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس عمل میں سرعت لائی جائے گی اور باقی ماندہ نوجوانوں کو بھی وزیر اعلیٰ کی جانب سے متعارف کی گئی سکیم کے دائرے میں لایا جائے گا۔ایک روزہ طویل عوام تک رسائی پروگرام کے دوران آج مختلف وفود کی جانب سے پیش کی گئی مانگوں میں ضلع ہسپتال کو مستحکم بنانے شہرہ آفاق جھیل ولر کے تحفظ و بحالی کے کاموں میں سرعت لانے بانڈی پورہ ۔لولاب سڑک کی تعمیر کے علاوہ ضلع میں سڑک رابطہ اور صحت سہولیات کو مستحکم بنانے کی مانگیں شامل تھیں۔بانڈی پورہ قصبہ کے لوگوں نے بس سٹینڈ پر فوری طور کام شروع کرنے ، پٹو شاہی گرڈ سٹیشن چالو کرنے ، قصبے میں گرلز ڈگری کالج کھولنے ،بائی پاس سڑک کی تعمیر ،فارسٹ ٹریننگ سکول چترانار کی توسیع ، مڈل سکول کا درجہ ہائی سکول تک بڑھانے ، قصبے کے لئے بہتر و مؤثر نکاسی آب نظام تعمیر کرنے کی مانگیں پیش کیں۔وفود نے کلاروس ۔ سوناواری سڑک کے کنارے واک وے تعمیر کر کے اسے سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنانے ،مقامی میونسپل کمیٹی کا درجہ کونسل تک بڑھانے اور قصبے میں میوہ منڈی تعمیرکر نے کی مانگ کی۔انہوںنے مقامی ہسپتال کو مستحکم بنانے اور قصبے میں کمیونٹی ہال تعمیرکرنے اور بانڈی پورہ ۔ کلاروس اور ناسو سڑکوں پر فٹ پاتھ تعمیر کرنے ، قصبے کی پرانی پارکوں کو ترقی دینے کے علاوہ بانڈی پورہ ۔گریز پر رازدان پاس ٹنل تعمیر کرنے کی مانگ کی۔ وزیر اعلیٰ نے قصبہ کے معروف نشاط باغ کی ترقی کے لئے 30لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے قصبے میں سٹریٹ لائیٹس کی تنصیب کے لئے بھی 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ حاجن سے سول سوسائٹی کے ارکان پر مشتمل وفد نے ڈگر ی کالج کے قیام ، ذیلی سڑکوں پر میکڈم بچھانے ، قصبے میں آبپاشی و صحت سہولیات میں بہتری لانے ، حاجن میں ایڈمنسٹریٹیو کمپلیکس کی تعمیر نو ،حاجن ۔سوپور سڑک اور ذیلی سڑکوں کی توسیع کی مانگیں پیش کیں۔سونا واری سے آئے ایک وفد نے اشم میں اوقاف سکول کی بحالی ، نرسنگ کالج اور شیپ ولیج کا قیام ، ای ڈی آئی پروجیکٹوں کے تحت کام شروع کرنے والے نوجوانوں کے لئے سنگل ونڈیو کلیرنس سکیم متعارف کرنے، ہربل گارڈن کی ترقی ، زلپورہ مڈل سکول کا درجہ بڑھانے کی مانگ کی ۔انہوںنے علاقے میں آبپاشی سہولیات کو توسیع دینے اور ملکچھ آبپاشی سکیم کو مستحکم بنانے کی مانگ پیش کی۔ وزیر اعلیٰ نے ملکچھ آبپاشی نہر پر جاری کام کے لئے 30لاکھ روپے واگذار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس کی فوری تکمیل کی ہدایت دی ۔ وزیرا علیٰ نے دریائے جہلم پر گھاٹ کی تعمیر کے لئے 10لاکھ روپے واگزار کرنے کا اعلان کیا اور سمبل میں کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوںنے علاقے میں بجلی کے تقسیم کاری نظام میں استحکام لانے کے لئے 300بجلی کھمبوں کی تنصیب کی بھی ہدایت دی۔اس کے علاوہ انہوںنے قصبے کے بازار میں سٹریٹ لائیٹس نصب کرنے کے لئے پانچ لاکھ روپے کی رقم واگذار کی۔گوجرپتیوں سے آئے وفود نے ٹرائبل سب پلان میں اضافہ اور ان کی بستیوں کو سڑک رابطہ سہولیات کے ساتھ جوڑنے کی مانگ کی ۔انہوںنے شیر سر اور ناگ مر گ کو سیاحتی نقشے پر لانے ، بانڈی پورہ ۔لولاب سڑک تعمیر کرنے اور ان کی بستیوں تک بجلی پہنچانے کی بھی مانگ کی۔وزیر اعلیٰ نے مناسب تعدادمیں ان کے لئے سولر لائیٹیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔لاوا پورے کے وفد نے مقامی واٹر سپلائی سکیم کی توسیع کی مانگ پیش کی۔ انہوں نے بنکوٹ دیہات میںبجلی کے تقسیمی ڈھانچے کو مستحکم بنانے اور مقامی سکول کا درجہ بڑھانے کے علاوہ اتھولو میں سیاحتی سہولیات کے قیام کی مانگیں بھی پیش کیں۔وزیر اعلیٰ نے دن بھر وفودکی مانگیں بغور سنیں اور یہ سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔ چند معاملات میںوزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے موقعہ پر ہی مسائل کے ازالہ کے لئے ہدایت جاری کیں۔