گلمرگ//سیاحت کو بات چیت اور میل میلاپ کوفروغ دینے کا بہترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ اس سیکٹر کی بدولت لوگوں کو ایک دوسرے کو جاننے کے سلسلے میں بہت سارے مواقع فراہم ہوتے ہیں ۔سہ روزہ فیسٹو ل کے سلسلے میں ایک سیاحوں کے گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاحت لوگوں میں میل میلاپ بڑھانے ، غلط فہمیاں دور کرنے اور سماج کے مختلف طبقوں میں بہتر تعلقات پیدا کرنے میں کار آمد ثابت ہوا ہے۔اسی لئے انہوں نے کہا کہ ہر ایک سیاح کا ریاست کے دورے پر آنا امن کی طرف ایک قدم ہے ۔محبوبہ مفتی نے مہمانوں سے کہا کہ انہیں ٹیلی ویژن پر دکھائے جارہے پروپیگنڈے سے متاثر نہیں ہونا چاہیئے بلکہ از خود ریاست کا دور ہ کر نے کے بعد اپنے تجربات کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کریں۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے بارے میں مثبت تاثرات خود بخود سیاحوں کے زیادہ سے زیادہ تعداد میں یہاں آنے کا موجب بن سکتا ہے کیوںکہ وہ چند نیوز چینلوں پر نشر کئے جارہے بحث و مباحثوں کی طرف توجہ دینے کے بجائے خود ہی ریاست میں آکر یہاں کے حالات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔سہ روزہ فیسٹول موسم سرما کے دوران شہرہ آفاق گلمرگ کی قدرتی خوبصورتی اور پُر کشش مناظر کو مشتہر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔فیسٹول کے دوران سنو سائیکلنگ ، سنو زاربنگ ، سنو ٹیوبنگ ، اے ٹی وی ریس ، لذیذ فود فیسٹول اور گنڈولہ بیس سٹیشن کے پاس تمدنی ایونٹوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔سیاحت کے وزیر تصدق مفتی ، وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو، ایم ایل اے گلمرگ محمد عباس وانی ، افغانی سفیر شیدا محمد ابدالی ،سی ای او ، نتی آیوگ امیتابھ کنٹ ،ایڈیشنل سالسٹر جنرل آف انڈیا پنکی آنند، معروف کالم نویس اور برطانیہ ممبر پارلیمنٹ لارڈ منگناد ڈیسائی ،فلم میکر امتیاز علی ، رائٹر رخشندہ جلیل اور معزز شخصیات اس موقعہ پر موجود تھے۔