پنجی// گوا میں پیر کو دیر رات سابق اسمبلی اسپیکر پرمود ساونت کو گوا کے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کے ساتھ ہی 11 نئے کابینہ وزراء نے بھی حلف اٹھا لیا۔ گورنر مردلا سنہا نے شہر کے قریب ڈونا پالا واقع راج بھون میں ڈاکٹر ساونت کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر 11 نئے وزراء کو بھی حلف دلایا گیا جن میں ممبر اسمبلی سدین دھولیکر، وجئے سردیسائی، بابو اجگاؤنکر، روھن کھونٹے ، گووند گوڑے ، ونود پالیکر، جیئش سلگاؤنکر، مووین گوڈنھو، وشوجیت رانے ، ملند نائک اور نیلیش کابریل شامل ہیں۔ وزراکے درمیان اب تک وزارتوں کی تقسیم نہیں کی گئی ہے لیکن مسٹر دھولیکر اور مسٹر سردیسائی کو نائب وزیر اعلی بنائے جانے کا امکان ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی سطح کے رہنماؤں اور اتحادی ساتھی مھاراشٹروادي گومانتک پارٹی اور گوا فارورڈ پارٹی کے درمیان پیر کودن بھرجاری میٹنگوں کے بعد آدھی رات کے بعد ڈاکٹر ساونت اور 11 وزراء نے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ محکمہ انفارمیشن کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق حلف برداری کی تقریب کل رات 11 بجے ہونا تھی لیکن اس میں تقریبا تین گھنٹے کی تاخیر ہو گئی اور یہ دیر رات دو بجے ہوئی۔ بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کل ممبئی میں رہے ۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری اور پارٹی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش 17 مارچ کو ہی یہاں پہنچ گئے تھے اور کئی میٹنگیں کی۔ انہوں نے ایم جی پی اور جی ایف پی کی حمایت بھی حاصل کر لی۔ دونوں پارٹیوں کے تین تین رکن اسمبلی ہیں اور ان کی حمایت کے بغیر حکومت برقرار رکھنا ممکن نہیں ہے کیونکہ بی جے پی کے پاس 36 رکنی اسمبلی میں صرف 12 ممبر اسمبلی ہیں۔ قابل غور ہے کہ ریاست کے وزیر صحت وشو جیت رانے ، آیوش کے مرکزی وزیر شریپد نائک، بجلی وزیر نیلیش کابریل اور بی جے پی کی ریاستی یونٹ کے سربراہ اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ ونے تندولکر بھی وزیر اعلی کے عہدہ کے لئے مقابلہ میں تھے لیکن ڈاکٹر ساونت نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔