عظمیٰ نیوز سروس
جموں// بی جے پی صدر جے پی نڈا جموں و کشمیر کے لیے پارٹی کی لوک سبھا انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال اور اسے حتمی شکل دینے کے لیے اتوار کو ایک دن کے دورے پر یہاں پہنچ رہے ہیں۔نڈا یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں جے کے بی جے پی کے صدر رویندر رینا کی قیادت میں سینئر ممبران کی میٹنگ کی صدارت کرنے سے پہلے شہر کے وسط میں واقع تاریخی رگھوناتھ مندر میں پوجا کر کے اپنے دورے کا آغاز کریں گے۔ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ بھی انکے ہمراہ ہونگے۔ میٹنگ میں امکان ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی کے امیدواروں کو ایک اندرونی سروے رپورٹ کی بنیاد پر حتمی شکل دی جائے جو حال ہی میں نڈا اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو پیش کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ کا فوکس انڈیا بلاک کا مقابلہ کرنے کے لیے پارٹی کی حکمت عملی کو حتمی شکل دینا ہو گا جس نے بی جے پی کے خلاف مشترکہ امیدوار کھڑے کرنے کا اشارہ دیا ہے۔رویندر رینانے کہا کہ میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے اس ماہ کے آخر میں یا فروری کے شروع میں جموں و کشمیر کے دورے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نڈا دہلی واپس آنے سے پہلے جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر اور جنرل سکریٹری(تنظیم) اشوک کول کے ساتھ ایک الگ میٹنگ بھی کرنے والے ہیں۔