نئی دہلی// (یواین آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی عہدے داروں کی اتوار کو یہاں ہوئی ایک اہم میٹنگ کا افتتاح کیا۔ اس دوران مودی نے بی جے پی کے قومی عہدے داروں ،ریاستی صدور اور ریاستی تنظیم جنرل سکریٹریوں سے خطاب بھی کیا۔بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا کی صدارت میں ہورہی اس میٹنگ میں کئی ریاستوں میں ہونے جارہے آئندہ اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں پارٹی کی حکمت عملی پر بحث کی گئی۔انہوں نے کہا،’’ میٹنگ میں اتم نربھر بھارت ابھیان اور زرعی قانونوں پر بحث کی گئی۔ ساتھ ہی ریاستی مبنی گروپ کی میٹنگوں اور مستقبل کے منصوبوں پر بحث اور اعلان کیا گیا۔اس کے علاوہ قومی عہدے داروں کی میٹنگ کا خاکہ ،ریاست کی اکائیوں کے ذریعہ چلائے جارہے پروگراموں اور انتخابی ریاستوں کی تیاریوں کے سلسلے میں جائزہ لیا گیا۔کورونا کی وبا کے پیش نظر جان گنوانے والے لوگوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرنے کیلئے میٹنگ میں تعزیتی تجویز پاس کی گئی۔میٹنگ میں بی جے پی کی فیصلہ کرنے والی اعلی ترین یونٹ پارلیمانی بورڈ کے رکن،قومی عہدے دار ،سبھی ریاستوں کے صدر اور ریاستوں کے تنطیم جنرل سکریٹری شامل ہوئے۔