بہار میں پورنیہ ایئرپورٹ کا افتتاح، 36ہزار کروڑ کے منصوبوں کا تحفہ
یو این آئی
کولکاتہ//آپریشن سندور کے بعد پہلی بار مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے بڑھتی عالمی غیر یقینی صورتحال اور ‘نیو نارمل’ کے درمیان کسی بھی غیر متوقع صورت حال سے نمٹنے کے لیے تینوں افواج میں اتحاد، خود انحصاری اور اختراع کے شعبوں میں تیزی سے آگے بڑھنے پر زور دیا۔ مودی نے پیر کے روز یہاں وجے دُرگ (سابقہ فورٹ ولیم) میں واقع فوج کے ایسٹرن کمانڈ ہیڈکوارٹر میں جوائنٹ کمانڈرز کی 16 ویں کانفرنس کا افتتاح کیا۔ انہوں نے تین روزہ اجلاس کے پہلے دن اعلیٰ کمانڈروں سے خطاب بھی کیا۔ وزیر اعظم نے تینوں افواج سے کہا کہ وہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں اور اس مقصد کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ باہمی اتحاد، خود انحصاری اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اختراع پر زور دیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سال 2025 کو دفاع کے شعبے میں ‘اصلاحات کا سال’ کے طور پر منایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے وزارت دفاع کو ہدایت دی کہ وہ تینوں افواج میں اتحاد کو فروغ دینے ، خود انحصاری اور اختراع سے متعلق تمام پالیسیوں، منصوبوں اور اقدامات پر جلد از جلد عمل درآمد کرے ۔اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز بہار کے پورنیہ ضلع میں علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے نو تعمیرہوائی اڈے کی ٹرمینل عمارت کا افتتاح کیا۔ یہ ٹرمینل عمارت نہ صرف سیمانچل اور کوسی خطہ کے لوگوں کے لیے ہوائی سفر کی نئی سہولیات لائے گی بلکہ علاقائی رابطوں اور بہار کی اقتصادی ترقی کو بھی نئی اڑان دے گی۔ مسٹر مودی کی موجودگی میں ایک 76 سیٹوں والے طیارے نے احمد آباد کے لیے اڑان بھری اور پھر ایک اور طیارے نے کولکاتہ کیلئے بھی اڑان بھری۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران پورنیہ کے لوگوں سے نیا ہوائی اڈہ ٹرمینل بنانے کا اپنا وعدہ پورا کیا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے علاقائی رابطہ اسکیم ‘اڑان’ کے تحت ملک کے چھوٹے شہروں کو فضائی نیٹ ورک سے جوڑنے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ پورنیہ ہوائی اڈے کے ٹرمینل کا افتتاح اس سمت میں ایک اہم قدم ہے ۔ بہتر فضائی رابطہ بہار کے سیمانچل اور کوسی خطے کے سماجی و اقتصادی منظر نامے کو بدل دے گا۔ پورنیہ ہوائی اڈے کی نئی ٹرمینل عمارت نہ صرف سیمانچل خطے کی دہائیوں پرانی مانگ کو پورا کرے گی بلکہ بہار کے فضائی رابطہ کو بھی ایک نئی بلندی دے گی۔ اس سے جہاں مقامی لوگوں کی سہولت میں اضافہ ہوگا، وہیں اس سے ریاست کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو بھی ایک نئی تحریک ملے گی۔ اس فضائی سروس سے پورنیہ ڈویژن سمیت تقریباً ایک درجن اضلاع کو فائدہ پہنچے گا۔ پٹنہ، گیا، دربھنگہ کے بعد پورنیہ اب بہار کا چوتھا ہوائی اڈہ ہے جہاں سے کمرشیل فلائٹ سروس شروع ہوئی ہے ۔ انڈیگو ایئر لائنز احمد آباد اور پورنیہ کے درمیان ہفتے میں تین دن پرواز کرے گی، جس سے گجرات کے بڑے صنعتی شہر سے براہ راست جڑنے کا موقع ملے گا۔ پورنیہ مشرقی بہار کا سب سے اہم شہر ہے اور اس کا اپنے آس پاس کے شہروں سہرسہ، مدھے پورہ، سپول، ارریہ، کٹیہار، بھاگلپور، نوگچھیا، فاربس گنج کے ساتھ ساتھ نیپال اور بنگال کے بہت سے شہروں سے رابطہ ہے ۔ پورنیہ ہوائی اڈے کی نئی تعمیر شدہ عبوری ٹرمینل عمارت کے آغاز سے اس خطے میں فضائی خدمات کو وسعت ملے گی۔