حصار// مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک جوان پر، جو وزیر اعظم نریندر مودی کی سیکورٹی میں تعینات ہے، ہریانہ کے حصار میں اپنی بیوی اور سالی پر حملہ کرنے کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کو دی گئی شکایت میں متاثرہ سیما نے بتایا کہ اس کی شادی 11 سال قبل سنجے سے ہوئی تھی اور اس کی ایک بیٹی بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کچھ برسو ں سے علیحدگی کی وجہ سے وہ الگ رہتے ہیں اور سنجے نے طلاق کے لیے کیس دائر کیا ہے جبکہ اس نے نان نفقہ کے لیے کیس دائر کیا ہواہے۔
سیما کے مطابق جمعہ کے روز سنجے اپنے والد روشن لال اور دیگر دو رشتہ داروں کے ساتھ ان کے گھر آئے تھے اور لوگ منع کرنے پر وہاں سے تو چلے گئے لیکن سنجے زبردستی وہیں رہے اور انہیں زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی اور گھسیٹتے ہوئے گلی میں لے گئے۔
سیما کے مطابق جب اس کی بہن کویتا نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو سنجے نے اس پر بھی حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سنجے نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی اور یہ بھی کہا کہ وہ پی ایم مودی کی سیکورٹی میں تعینات ہیں، اس لئے کوئی اسے نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
حصار کی آزاد نگر پولیس رپورٹ درج کر کے معاملے کی تفتیش کی جاری ہے۔