عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// ملک بھر کے لوگوں کو راحت پہنچانے کے اقدام میں، وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے کھانا پکانے والی گیس کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کیا ہے۔حکومت نے کہا کہ 30 اگست سے ملک بھر کی تمام مارکیٹوں میں 14.2 کلوگرام ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے کی کمی کی جائے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ “رکشا بندھن کے موقع پر یہ ملک کی میری کروڑوں بہنوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔ ہماری حکومت ہمیشہ ہر ممکن کوشش کرے گی جس سے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو اور غریب اور متوسط طبقے کو فائدہ پہنچے۔”یہ کمی پی ایم اجول یوجنا گھرانوں کو فی سلنڈر 200 روپے کی موجودہ ٹارگٹڈ سبسڈی کے علاوہ ہے، جو جاری رہے گی۔
اس طرح اجول سکیم کے تحت صارفین کو 400روپے کی چھوٹ ملے گی۔واضح رہے کہ ملک میں 31 کروڑ سے زیادہ گھریلو ایل پی جی صارفین ہیں جن میں 9.6 کروڑ پی ایم اجول یوجنا سے فائدہ اٹھانے والے خاندان ہیں اور اس کمی سے ملک کے تمام ایل پی جی صارفین کو مدد ملے گی۔ زیر التوا پی ایم یو وائی درخواستوں کو ختم کرنے اور تمام اہل گھرانوں کو مفت ایل پی جی کنکشن فراہم کرنے کے لیے، حکومت جلد ہی غریب گھرانوں کی 75 لاکھ خواتین کو پی ایم یو وائی کنکشن کی تقسیم شروع کرے گی جن کے پاس ایل پی جی کنکشن نہیں ہے۔ اس سے PMUY کے تحت مستفید ہونے والوں کی کل تعداد 9.6 کروڑ سے بڑھ کر 10.35 کروڑ ہو جائے گی۔یہ فیصلے شہریوں پر مالی بوجھ کم کرنے اور گھرانوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جاری کوششوں کے حصے کے طور پر آئے ہیں۔