بارہمولہ//وزیر اعظم اْجولا یوجنا گیس کنکشن جاری کرنے اور دھوکہ دہی کے سلسلے میں پٹن علاقے کی کچھ گیس ایجنسیوں کے خلاف حالیہ احتجاج کے بعد پٹن پولیس نے بدھ کو 62 گیس سلنڈر ، 74 چولہے ، 42ریگولیٹرز اور 22 گیس پایپوں کو ضبط کیا۔ پٹن کے گنڈ ابراہیم علاقے میں گیس کی غیر قانونی سرگرمی کے بارے میں پولیس نے ایک شکایت موصول ہونے کے بعد ایس ڈی پی او پٹن ظفر مہدی ، تحصیلدار سنگھ پورہ ،نثار احمد اور ڈی او پولیس پوسٹ میرگنڈ محمد اشرف کی مشترکہ ٹیم نے فدا حسین ڈار اور شبیر احمد ڈار ساکنان گنڈ ابراہیم کے دو مکانوں پر چھاپہ مارا۔ تلاشی کے دوران گیس سے متعلقہ مذکورہ سامان برآمد کرلیا۔ اس معاملے کے بارے میں حالیہ ہلچل اور شکایت کے بعد ، تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کردیا تاکہ اس معاملے کا کوئی سراغ لگایا جا سکے اور معاملے کو حل کرنے کے لئے ملوث مجرموں کی تلاش کی جاسکے۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم پٹن نصیر احمد نے کہا کہ اس معاملے میں مزید چھاپوں کی توقع کی جا رہی ہے اور پٹن پولیس کے ساتھ تمام متعلقہ عہدیدار کافی کوشش میںتھے کہ وہ کوئی سراغ ڈھونڈ سکیں اور مجرموں کو پکڑ سکیں۔ اس معاملے میں پٹن پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔