عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے صبح مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ہمراہ جموں کے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا ۔ ایل جی نے ایک بیان میں کہا : ’’ میری ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس قدرتی آفت میں اپنے پیاروں کو کھویا اور جن کا جائیداد کا نقصان ہوا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے یقین دلایا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے ، عمارتوں، سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور متاثرہ خاندانوں کی زندگیوں کی بحالی کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی ۔ انتظامیہ نے امدادی اور راحت کے کاموں کیلئے تمام ممکنہ وسائل تعینات کئے ہیں اور ان لوگوں کو امداد اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جنہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔ غیر معمولی موسمی حالات کی وجہ سے ضلعی سطح کے افسران کو چوکس رہنے اور صورتحال پر چوبیس گھنٹے نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔