لکھنؤ// اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدیتیہ ناتھ نے اپنے وزیروں کو کل تک اپنے اثاثوں کی تفصیلات دینے کے لئے کہا ہے ۔مسٹر یوگی نے اپنے وزراء کو صاف ستھرا اور شفاف حکومت چلانے کے لئے یہ حکم دیا ۔ اپنے آٹھ نکاتی رہنماہدایات میں وزیر اعلی نے وزیروں کو اس پر ایمانداری سے عمل کرنے کے لئے کہا ہے ۔یوگی حکومت نے اپنے ایک ماہ کا وقت مکمل کرلیا ہے اور آج شام کو اپنی تیسری کابینہ کی میٹنگ میں مزید کچھ اصولی معاملات پر فیصلے لینے کی امید ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی کی اہم ہدایات میں کہا گیا ہ یکہ ریاست کا کوئی بھی وزیر پانچ ہزار روپے سے زیادہ کا کسی بھی طرح کا تحفہ قبول نہیں کرے گا اور اگر وہ قبول کرتا ہے تو اسے سرکاری خزانے میں جمع کرانا ہوگا۔ وزیر تحفہ میں کسی بیگ یا کسی چیز کو قبول نہیں کرسکتے اور انہیں خود کو بھی شاندار پارٹیوں سے دور رکھنا ہوگا۔ اس کے علاوہ وہ سرکاری جائیداد بھی نہیں خرید سکتے ۔مسٹر یوگی نے ریاست کے وزیروں کوپرائیوٹ ٹھیکیدار کے طور پر کام کرنے والے اپنے رشتہ داروں سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔ اس کے علاوہ وہ سرکاری دورے کے وقت سرکاری گیسٹ ہاوس میں ہی رہیں گے اور ہر سال 31 مارچ تک انہیں اپنی جائیداد کی تفصیل جمع کرانی ہوگی۔اس سے قبل پریس کانفرنس میں حکومت کے سرکاری ترجمان سدھارتھ ناتھ سنگھ نے اعلان کیا تھا کہ 19مارچ کو عہدہ کا حلف لینے کے بعد وزیر اعلی نے اپنی کابینہ کی ایک میٹنگ منعقد کرکے حکومت کے ساتھ ساتھ پارٹی دفتر میں اپنی جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے کہا تھا۔