یو این آئی
جموں//مرکزی وزارت داخلہ کی اعلیٰ سطحی ٹیم جو 3روزہ دورے پر منگل کو جموں کشمیر کے دورے پر پہنچ گئی، نے لیفٹیننٹ گورنر کے علاوہ چیف سیکریٹری اور انتظامیہ و سیکورٹی کے دیگر افسران کیساتھ مجموعی صورتحال پر تبادلہ خٰال کیا۔ وزارت داخلہ میںجموں کشمیر اور کے جوائنٹ سیکریٹری پرشانت لوکھنڈے نے جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال ، ترقیاتی پروجیکٹوں کی عمل آوری اور کشمیری پنڈتوں کے معاملے پر انتظامیہ کے سینئر آفیسران کے ساتھ ملاقات کی۔منگل دیر شام اعلیٰ سطحی ٹیم نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ ایک گھنٹے تک جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ کے دوران ملی ٹینسی،سرکاری اراضی کی بازیابی ،ٹیکس نفاذ، کشمیری پنڈتوں کے مطالبات، ٹارگٹ کلنک اور وزیر اعظم اقتصادی پیکیج کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔مرکزی ٹیم نے چیف سکریٹری کی سربراہی میں ہونے والے افسران کی میٹنگ میں بھی حصہ لیا جہاں انہیںجموں وکشمیرمیں جاری مرکزی معاونت والی اسکیموں کی عمل آوری، سرمایہ کاری، بجلی کے منصوبوں، سیاحتی شعبے کی ترقی ،ووٹر فہرستوں کے مکمل ہونے، سمیت متعدد امور پر جانکاری دی گئی۔مرکزی ٹیم کو کشمیری تارکین وطن، پاکستان اورپاکستانی زیر کنٹرول جموں و کشمیرسے تعلق رکھنے والے مہاجرین،رفیوجیوں اور دیگر بے گھر افرادکی بازآبادکاری کیلئے روبہ عمل لائے جارہے اقدامات کے بارے میں بتایاگیا۔ چیف سیکرٹری کیساتھ میٹنگ میں مرکزی ٹیم نے مختلف مرکزی فنڈڈ اسکیموں کے تحت چلائے جانے والے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔چیف سیکرٹری نے ٹیم کوبتایاکہ تقریباً تمام پروجیکٹ اضافی لاگت سے بچنے کیلئے ٹائم لائن پر پورا اُترنے کے لئے تیار ہیں۔ وزارت داخلہ کی ٹیم نے صنعتی سرمایہ کاری، بجلی کے منصوبوں، سیاحتی شعبے سے متعلق کاموں، انسداد تجاوزات مہم، جسے عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے، اور لینڈ رولز پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے کچھ انتظامی سیکرٹریوں سے ملاقات کی۔میٹنگ کے دوران کشمیری تارکین وطن، پاکستان اورپاکستانی زیر کنٹرول جموں و کشمیرسے تعلق رکھنے والے مہاجرین،رفیوجیوں اور دیگر بے گھر افرادکی بازآبادکاری کیلئے نافذ کی جانے والی اہم اسکیموں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیاگیا۔اس دوران معلوم ہواکہ اپنے تین روزہ دورے کے دوسرے روزمرکزی ٹیم جس میں ڈائریکٹر سیکورٹی بھی شامل ہیں ،نے بدھ کوجموںمیں ایڈیشنل چیف سکریٹری (ہوم) آر کے گوئل اور جموں وکشمیرپولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ سمیت سول اور پولیس انتظامیہ کے سینئر افسران کے ساتھ سیکورٹی جائزہ میٹنگ میں جموں و کشمیرکے تازہ سیکورٹی منظر نامے کے تناظر میں مجموعی صورتحال ،انسداد ملی ٹنسی کارروائیوں ،پنڈتوںکی ہلاکتوںکے واقعات کاجائزہ لیاگیا۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی طرف سے تعینات،مرکزی وزارت داخلہ کی اعلیٰ سطحی ٹیم 3 دن کیلئے جموں میں رہے گی اور 2 مارچ کو نئی دہلی واپس روانہ ہوگی۔جہاں مرکزی ٹیم جموںوکشمیر کی تازہ سلامتی صورتحال ،ترقیاتی کاموںکی عمل آوری اور مرکزی معاونت والی اسکیموں پر پیش رفت کے برے میں تفصیلی رپورٹ مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کو پیش کرے گی۔