یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کے روز قومی دارالحکومت کے بھارت منڈپم میں منعقد ہونے والے ورلڈ فوڈ انڈیا 2025کا افتتاح کریں گے۔ورلڈ فوڈ انڈیا کے اس چوتھے ایڈیشن کا انعقاد فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کی وزارت کی جانب سے 25 سے 28 ستمبر تک کیا جا رہا ہے۔ اس میں 21 سے زیادہ ممالک، 21 ہندوستانی ریاستیں/مرکز کے زیر انتظام علاقے، 10مرکزی وزارتیں اور پانچ متعلقہ سرکاری ادارے حصہ لیں گے۔فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کے مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیر اعظم 25 ستمبر کو شام چھ بجے اس کا افتتاح کریں گے۔ افتتاحی اجلاس میں روس کے نائب وزیر اعظم دیمتری پاتروشیو، سڑک اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری اور فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کے مرکزی وزیر مملکت رونیت سنگھ بٹو بھی شریک ہوں گے۔اس ایڈیشن کے لیے نیوزی لینڈ اور سعودی عرب شراکت دار ملک ہوں گے، جبکہ جاپان، روس، متحدہ عرب امارات اور ویتنام مرکزی توجہ والے ممالک کے طور پر شامل ہوں گے۔ اس میں 1700 سے زائد نمائش کنندگان، 500 سے زائد بین الاقوامی خریدار اور 100 سے زائد ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔ چار روزہ ایونٹ میں 45 سے زائد علمی سیشنز ہوں گے جن میں موضوعاتی مباحثے، ریاستوں اور ممالک پر مبنی خصوصی کانفرنسیں شامل ہوں گی۔ اس دوران گلوبل ایگری فوڈ سیکٹر میں سرکردہ کمپنیوں کے اعلی افسران سی ایکس او گول میز مذاکرات میں شرکت کریں گے۔اسی دوران تیسرا گلوبل فوڈ ریگولیٹر سمٹ بھی منعقد کیا جائے گا، جس کا مقصد عالمی غذائی سلامتی کے معیارات میں ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ ساتھ ہی 24واں انڈیا انٹرنیشنل سی فوڈ شو(ایس ای اے آئی)بھی منعقد ہوگا۔