نئی دہلی/ دنیا کے سب سے دھماکہ خیز بلے باز ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کی انگلینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں سنچری کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وراٹ اس وقت دنیا کے نمبر ایک بلے باز ہیں۔'یونیورس باس' کہے جانے والے گیل نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں کہاکہ وراٹ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں جو اننگز کھیلی وہ واقعی شاندار اور کپتانی اننگز تھی۔ایسی اننگز سے ہی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہوتا ہے ۔وراٹ نے 149 رن بنائے جو انگلینڈ کی زمین پر ان کی پہلی ٹسٹ سنچری تھی۔وراٹ کے ساتھ آئی پی ایل ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور میں کئی سال کھیل چکے گیل نے کہاکہ وہ اس وقت دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں اور اگر انہیں نمبر ایک بلے باز کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔وہ نہ صرف شاندار بلے باز ہیں بلکہ ایک کپتان کے طور پر اپنے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے رہتے ہیں۔وہ ساتھی کھلاڑیوں کو بہتر کھیلنے کے لئے حوصلہ افزائی کرتے رہتے ہیں۔گیل کل ممبئی میں تھے اور آج وہ دہلی پہنچے تھے ۔انہوں نے کہاکہ میں پورے دن کا کھیل تو نہیں دیکھ پایا تھا لیکن جتنا میں نے دیکھا اس سے میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ برعکس حالات میں کھیلی گئی بہترین اننگز تھی۔انہوں نے جس طرح آخری دو بلے بازوں کے ساتھ تقریبا 100 رن جوڑے وہ قابل تعریف کارکردگی تھی۔انہوں نے آخری دو بلے بازوں کو وکٹ پر ٹکے رہنے کے لئے مسلسل حوصلہ افزائی کی اور ٹیم کو نازک صورت حال سے بچا لیا۔