بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے وتر گام رفیع آباد علاقے میں لوگوں نے سنیچر کو بجلی کی عدم دستیابی کو لیکر زبردست احتجاج کیا ۔ جس کے نتیجے میں بارہمولہ کپوارہ شاہرہ پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل و حمل متاثر رہی ۔ اس دوران مظاہرین نے گرڈ اسٹیشن وترگام پر تالہ بھی چڑھایا ۔ احتجاج میں شامل لوگوں نے بتایا کہ علاقہ وترگام اور اس کے ملحقہ دیہات کے لوگ پچھلے کئی ہفتوں سے بجلی کی آنکھ مچولی سے سخت پریشانی میں مبتلاء ہیں، بجلی کٹوتی نے لوگوں کوبے حال کردیا ہے اور علاقے میں تجارتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہورہی ہیں جبکہ طلاب کو کو بھی سخت مشکلات درپیش آرہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں بجلی کی ناقص صورتحال کے بارے میں متعلقہ محکمہ کے آفسران کو کئی بار مطلع کیا تھا اور کئی مرتبہ احتجاج بھی کیا گیا تاہم انہوں نے اس کی طرف کوئی بھی توجہ نہیں دی۔مظاہرین کے مطابق احتجاج کے دوران کوئی بھی آفیسر نہیںآیا جس کے نتیجے میں اُنہیں گرڈاسٹیشن پر تالہ چڑھانا پڑا۔انہوں نے کہاکہ میٹروں کی تنصیب سے اگرچہ محکمہ بھر پور فیس وصول کرنے کا اہل ہوا ہے تاہم بجلی کی سپلائی کی پرانی روایت ابھی تک ختم نہیں ہورہی ہے۔لوگوں نے سرکار اور متعلقہ محکمہ کے علیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں جلد از جلد بجلی سپلائی میں بہتری لائی جائے اور وترگام گرڈ اسٹیشن کو وسعت دی جائے ۔