بارہمولہ // واگورہ کریری بارہمولہ میں کھدائی کے دوران مٹی کا بھاری تودا گر آیا جس کے نتیجے میں دو مزدور زندہ دب گئے جبکہ مزید 3 زخمی ہوئے تاہم انہیں بچایا لیا گیا۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نالہ ننگلی پرواگلہ واگورہ نامی گائوں میں5مزدور دن بھرمٹی کی کھدائی کررہے تھے۔ شام قریب ساڑھے 5بجے کھدائی کی جگہ پر مٹی کی بھاری مقدار ان پر گری جس کے نتیجے میں 5مزدور اسکے نیچے آئے ۔ اس موقعہ پر گائوں میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہوا اور لوگ سینکڑوں کی تعداد میں یہاں جمع ہوئے جنہوں نے مٹی کو اٹھانے کی کارروائی شروع کی۔ اس دوران پولیس بھی یہاں پہنچ گئی جس نے بھی بچائو کارروائی میں حصہ لیا۔کافی دیر تک لوگوں نے مٹی کو ہٹانے کی کارروائی عمل میں لائی اور بالآخر3مزدوروں کو زندہ نکالا ،جو زخمی ہوئے تھے اور انہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم دو مزدوروں کا کوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا۔اسکے بعد دیر شام گئے ایک مزدور کی لاش بر آمد کی گئی جبکہ دوسرے کی تلاش جاری تھی۔جو 2مزدور زندہ دفن ہوئے انکی شناخت علی محمد ملک ولد فاروق احمد ملک اور غلام میر میر ولد علی محمد میر ساکنان واگلہ واکورہ کے بطور کی گئی۔شام دیر گئے بعد میں دوسرے مزدور کی لاش بھی نکالی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ جس جگہ پر یہ حادثہ پیش آیا وہاں مٹی نکالنے کا کام مقامی لوگ سر انجام دیتے تھے لیکن زمین نرم ہونے کے باعث بھاری بھر کم مٹی مزدوروں پر آگری جس کے نیچے وہ دب گئے اور دو کی ہلاکت ہوئی۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرلیا ہے۔