عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//الیکشن کمیشن نے جمعرات کو مرکز کو ہدایت دی کہ وہ ’وکشت بھارت ‘رابطہ کے تحت بڑے پیمانے پر حکومت کے اقدامات کو اجاگر کرنے کے لیے واٹس ایپ پیغامات بھیجنے کو فوری طور پر روک دیں۔کمیشن نے اس معاملے کی شکایات موصول ہونے کے بعد وزارت الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایت جاری کی۔کمیشن نے کہا، “یہ اقدام کمیشن کی طرف سے لیول پلینگ فیلڈ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے فیصلوں کے سلسلے کا ایک حصہ ہے۔”اس نے وزارت سے اس معاملے پر تعمیل رپورٹ بھی طلب کی ہے۔وزارت نے کمیشن کو مطلع کیا تھا کہ 16 مارچ کو ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کے نافذ ہونے سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کے خط کے ساتھ پیغامات بھیجے گئے تھے۔وزارت نے کمیشن کو ایک مواصلت میں کہا’’ ان میں سے کچھ ممکنہ طور پر نظامی اور نیٹ ورک کی حدود کی وجہ سے تاخیر کے ساتھ وصول کنندگان تک پہنچائے جا سکتے تھے، “۔چنائو اتھارٹی کو متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں کہ عام انتخابات 2024 کے اعلان اور ایم سی سی کے نافذ ہونے کے باوجود حکومت کے اقدامات کو اجاگر کرنے والے ایسے پیغامات شہریوں کے فون پر اب بھی پہنچائے جا رہے ہیں۔کانگریس اور ترنمول کانگریس نے اس پیغام پر اعتراضات اٹھائے تھے اور الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ وہ ماڈل ضابطہ اخلاق کی اس صاف خلاف ورزی کے خلاف کارروائی کرے۔