سرینگر/ / ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے کشمیری جنگجوؤں کے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ مرکزکی طرف سے اعلان شدہ ’رمضان سیز فائر‘ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بیٹوں کو تشدد کا راستہ چھوڑ کر واپس اپنے گھروں کو آنے کی اپیل کریں۔ مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں پولیس سربراہ نے کہا کہ مقامی جنگجوؤں کے کنبوں کو حکومت ہند کی نئی پہل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بیٹوں کو تشدد کا راستہ چھوڑ کر واپس اپنے گھروں کو آنے کی اپیل کرنی چاہیے‘۔ قیام امن کی سمت میں ایک غیرمعمولی قدم اٹھاتے ہوئے ماہ رمضان کے دوران سیکورٹی فورسز کے آپریشنز کو معطل رکھنے کا اعلان کیا جاچکاہے۔