کپوارہ +بانڈی پورہ //سرحدی تحصیل کرالہ پورہ کے مضا فاتی دیہات وارسن علاقہ گزشتہ دوروز سے فوجی نرغے میں ہے اور علاقہ کے ایک بڑے حصے میں تلاشی کارروائی جاری ہے ۔پولیس کا خدشہ ہے کہ کرالہ پورہ کے وارسن کی ووڈ پتی میں 3سے 4جنگجوئو ں چھپے بیٹھے ہیں جس کے بعدفوج نے ووڈ پتی وارسن بستی کو محاصرے میں لیکر تمام راستو ں کی ناکہ بندی کی تاکہ علاقہ میں چھپے بیٹھے جنگجوئو ں فرار ہونے کی کوشش ناکام ہو۔تاہم ذرائع نے بتا یا کہ وارسن میں چھپے بیٹھے جنگجو فوج کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کا میاب ہوئے۔ ادھر پولیس اور فوج نے بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں حال ہی میں لشکر طیبہ میں شامل ہوئے ایک جنگجو کو گرفتار اور اس کی تحویل سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس او جی اور فوج کی13راشٹریہ رائفلز سے وابستہ اہلکار جمعہ کی صبح حاجن بانڈی پورہ میں مرکنڈل پشواری علاقے کے ایک میوہ باغ میں گھات لگاکر بیٹھ گئے۔ جہاں مذکورہ نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔گرفتار کئے گئے نوجوان کی شناخت شہباز رسول میر ولد غلام رسول ساکن میر محلہ حاجن کے بطور کی گئی ہے۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز رسول لشکر طیبہ سے وابستہ ایک مقامی تربیت یافتہ جنگجو ہے اور اس کی تحویل سے ایک پستول، میگزین، گولیوں کے 4رائونڈ ،ایک ہتھ گولہ اور ایک چاقو بھی برآمد کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ شہباز رسول نے26جون کو جنگجوئوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی اور تب سے وہ حاجن علاقے میں ہی سرگرم تھا۔