نیوز ڈیسک
سرینگر// وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں، پیر پنچال اور چناب خطہ کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی و درمیانہ درجہ کی برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹرسونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ8 جنوری 2023 تک موسم مجموعی طور پرخشک، دن قدرے گرم اورراتیں سردہونگی۔انہوں نے کہا کہ یکم جنوری سے دُھند بھی بڑھ جائے گی۔ سونم لوٹس نے کہا کہ آنے والے دنوںمیں دن کے وقت درجہ حرارت میں بہتر ی آئے گی تاہم راتیں مزید سردرہیں گی ۔سونم لوٹس نے کہا کہ مغربی ہوائوںکی آمد یاعمل دخل کے آثار نہیں ہیں ۔محکمہ کے مطابقشمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 20 سینٹی میٹر (7.87 انچ) برف باری ہوئی، اس کے بعد گلمرگ (16.5 سینٹی میٹر)، قاضی گنڈ (15.0 سینٹی میٹر)، پہلگام (10.0 سینٹی میٹر)، کوکرناگ (5.0 سینٹی میٹر) اور سرینگر میں (3.0 سینٹی میٹر) ، اونتی پورہ میں 4.2سینٹی میٹر،سرینگر ائر پورٹ پر6.2ملی میٹر،سونہ مرگ کے گگن گیر علاقے میں8سینٹی میٹر، سونہ مرگ سے بال تل تک 20سینٹی میٹر،بال تل سے زیرو پوائنٹ تک 20سینٹی میٹر،لنگیٹ ہندوارہ میں 5انچ،بانڈی پورہ کے میدوانی علاقوں میں 3سے 5انچ، بالائی حصوں میں 5سے 8انچ،سمبل میں 3انچ،گریز میں ایک فٹ،رازدان پاس پر ڈیڑھ فٹ،شوپیان کے میدانی حصے میں 2انچ اورقاضی گنڈ میں 3انچ برف ریکارڈ کی گئی۔اُدھر کپوارہ ضلع کے بالائی علاقوںفرکیان گلی ،سادھناٹاپ،زیڈگلی،چوکی بل اورمژھل میں تقریباًڈیڑھ فٹ تازہ برف پڑی ۔لداخ کے کرگل علاقے میں 3انچ،نوبرا میں 2انچ،دراس میں 6انچ برف پڑی۔دریں اثناء سرینگر لیہہ شاہراہ بدستور بند رہی۔ اسکے علاوہ مغل روڑ اور گریز روڑ کے علاوہ کشتواڑ سنتھن ٹاپ روڑ بھی بند رہے۔
بانہال
مہو منگت سمیت کئی بستیوں میں ہلکی برفباری ہوئی جبکہ اوپر پہاڑوں پر چھ سے آٹھ انچ تک تازہ برفباری ہوئی ۔ جمعرات کی دوپہر سے جمعہ کی ابتدائی ساعتوں تک میدانی علاقوں میں بارشوں کا جبکہ کٹھوعہ کے بنی بسوہلی پہاڑوں سمیت صوبہ جموں کے تقریباً تمام پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی ۔صوبہ جموں کے کئی علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئیں۔ جموں میں4 9.ملی میٹر،بانہال میں 19.2ملی میٹر،بٹوٹ میں 20.9ملی میٹر،بھدروارہ میں 7.6ملی میٹر،کھٹوعہ میں 1.6ملی میٹر، رام بن میں 14.0ملی میٹر،ادہمپور میں 17.0ملی میٹر، ریاسی میں 10.0ملی میٹر،سانبہ میں 4.0ملی میٹر،اور پونچھ میں 8.0 ملی میٹرکے برابر بارش یا برفباری ہوئی۔ رام بن بانہال سیکٹر میں جمعرات سے ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پرٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور معمول کے مطابق مسافر گاڑیوںاور مال بردار گاڑیوں نے اپنی اپنی منزلوں کا سفر کیا۔
درجہ حرارت
محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ تر مقامات پر رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور پندرہ دن سے زائد عرصے میں پہلی بار وادی میں پارہ معمول سے بڑھ گیا حالانکہ یہ زیرو سطح پر تھا۔سرینگر میں کم سے کم منفی 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔قاضی گنڈ میں کم سے کم 2.0 ۔ پہلگام میں منفی 4.9 ، کوکرناگ میں 2.0 ، گلمرگ میں منفی 5.5 ، کپواڑہ قصبے میں منفی 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ پر طے ہوا۔جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 7.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو آج صبح بھی دھند کی لپیٹ میں رہا۔بانہال میں0.8 ،بٹوٹ منفی 0.5 ،کٹرہ میں 6.5 اور بھدرواہ میں 1.8 ریکارڈ کیا گیا۔اہلکار نے بتایا کہ لداخ، لیہہ اور کرگل میں بالترتیب منفی 10.2 اور 6.2 ریکارڈ کیا گیا۔
4×4 اور چین والی گاڑیاں
گلمرگ تک جانے کی اجازت
ٹنگمرگ /مشتاق الحسن/حکام نے جمعہ کے روز کہا کہ سڑک کی پھسلن کی حالت کے پیش نظر صرف 4×4 اور چین والی گاڑیوں کو گلمرگ جانے کی اجازت ہوگی۔ایک حکم کے مطابق ایس ڈی ایم گلمرگ نے کہا کہ یہ اقدام حادثات اور دیرپا ٹریفک جام کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا”پھسلن سڑک کی وجہ سے ہونے والے حادثات اور دیرپا ٹریفک جام کو روکنے کے لیے، جس سے مسافروں کو بہت زیادہ تکلیف ہوتی ہے، صرف 4×4 گاڑیوں اور اینٹی سکڈ چین والی گاڑیوں کو ٹنگمرگ سے گلمرگ تک اور واپسی ،برف پگھلنے تک کی اجازت ہوگی‘‘۔
برفانی تودے گر نے کی وارننگ جاری
نیوز ڈیسک
سرینگر//جموں وکشمیر میں تازہ برف باری کے بیچ پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گر آنے کی واننگ جاری کی گئی ہے۔صوبائی انتظامیہ کے مطابق جموں وکشمیر کے بانڈی پورہ ، بارہ مولہ ، ڈوڈہ ، گاندربل ، کپواڑہ اور جموں کے رام بن اور کشتواڑ اضلاع میں درمیانی درجے کے برفانی تودے گر آنے کا امکان ہے۔ ناسازگار موسمی حالات کے پیش نظر صوبائی کمشنروں نے متعلقہ اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ لوگوں کی نقل و حرکت کے دوران احتیاط برتنے کی صلاح دیں اور ایسے علاقوں میں جانے سے پرہیز کریں جہاں تودے گر آنے کا اندیشہ رہتا ہے۔