چھاترو / / وادی کشمیر عام شہریوں کے قتل عام پر امام جامع مسجد چھاترو مولانا عبدالواحد نے سخت رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے معصوم شہریوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر اقوام متحدہ کی خاموشی کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے ان ہلاکتوں کو جمہوریت کے نام پر قتل عام قرار دیا۔ انہوں نے معصوم اور نہتے عوام پر فائرنگ و پیلٹ گن جیسے مہلک ہتھیاروں کے استعمال کو بدقسمت آمیز بتایا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے مغفرت کی دعا کی۔ انہوں حکومت پر زور دیا کہ وہ معصوم کشمیریوں پر ظلم و تشدد بند کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے، پیلٹ گن جو کہ نہایت مہلک ہتھیار ہے کا استعمال فوراً بند کیا جائے کیوں کہ اس گن کے استعمال سے سینکڑوں مظاہرین بینائی سے محروم ہو گئے جبکہ ہزاروں مضروب ہوئے ہیںجو کہ اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔جبکہ کہ کئی لوگوں کی قیمتی جانیں تلف ہوئی ہیں۔ گزشتہ دنوں فائرنگ میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعاکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ان مشکل حالات میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ نہتے عوام پر بلا اشتعال فائرنگ کئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب اس سلسلے کو بند کئے جانے کی ضرورت ہے اور حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے تا کہ مزید جانیں تلف نہ ہوں۔