سرینگر/وادی کشمیر میں بدھ کو بارش اور تازہ برفباری سے ماحول ایک بار پھر ٹھنڈا پڑ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق بارشوں کا سلسلہ گذشتہ رات سے جاری ہے جبکہ بالائی علاقوں میں آج صبح سے برفباری کی اطلاعات ہیں۔
وادی کے کئی میدانی علاقوں میں بھی برفباری ہوئی ہے یہاں تک کہ شہر سرینگر میں بھی لوگوں نے قلیل وقت کیلئے ہی سہی برف گرتے دیکھ لی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ماہ مارچ کے دوران انہوں نے سرینگر میں برفباری ہوتے ہوئے کافی کم دیکھی ہے۔
دریں اثناء مسلسل بارشوں کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی ہے کہ جموں کشمیر میں آنے والے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزیدبارشوں کا امکان ہے جس سے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے۔