عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گزشتہ کئی مہینوں سے وادی کشمیر میں ہونے والی بدترین بجلی سپلائی کا گہری نظر سے مشاہدہ اور جائزہ لے رہا ہے جس سے صنعت، تجارت/کاروبار ہر قسم کے اور عام طور پر گھرانوں کو بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ چیمبر کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) کی صارفین کو بجلی کی باقاعدہ فراہمی برقرار رکھنے کے لیے اختیار کی جانے والی غیر معتبر اور متضاد پالیسیوں پر اپنی گہری تشویش اور مایوسی کا اظہار کرتا ہے۔ یہ عجیب بات ہے کہ محکمہ نے سمارٹ میٹروں کی تنصیب کا عمل شروع کرتے ہوئے صارفین کو بلاتعطل بے عیب بجلی فراہم کرنے کا عہد کیا تھا جو کہ زمینی سطح پر درست ثابت نہیں ہوا کیونکہ سال کے بیشتر اوقات میں بجلی کی فراہمی شدید طور پر بے ترتیب رہی ہے۔ حیران کن طور پر KPCDL اعلان کردہ شیڈول پر قائم رہنے میں بری طرح ناکام رہا ہے اور اس نے ہر قسم کے صارفین کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔کئی ہفتے پہلے پی ڈی سی ایل نے اعلان کیا تھا کہ اس نے اتر پردیش سے بجلی خریدی اور بجلی کی قلت سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نکلنے کے لیے مرکزی گرڈ سے مزید خریداری کے لیے بات چیت کر رہی ہے۔ اس کے بعد سے کچھ نہیں ہوا۔چیمبر، لیفٹیننٹ گورنر سے درخواست کرے گا کہ وہ ذاتی طور پر مداخلت کریں، متعلقہ حکام کو ہدایت دیں کہ وہ صارفین کو بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں اور صارفین بالخصوص صنعتوں، سیاحت کے شعبے، صنعتی اسٹیٹس، سی اے اسٹورز، کی مشکلات کو دور کریں۔