سرینگر //خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے متعلقہ ایجنسیوں سے کہا ہے کہ وہ وادی میں غذائی اجناس، پیٹرولیم اشیاء اور دیگر چیزیں وافر مقدار میں سٹاک کریں۔وزیر نے یہ ہدایات پانپور میں ایم پی سی ایل کے گیس باٹلنگ پلانٹ اور لیتہ پورہ میں ایف سی آئی کے گودام کا دورہ کرنے کے دوران دیں۔انہیں بتایا گیا کہ تیل کمپنیوں کے پاس وادی میں6403 کلو لیٹر ڈیزل،1937 کلو لیٹر پیٹرول،1637 کلو لیٹر تیل خاکی اور67588 گیس سلینڈر موجود ہیں۔لیتہ پورہ میں ایف سی آئی کے گودام کے دورے کے دوران وزیر موصوف کو جانکاری دی گئی کہ ایف سی آئی کے پاس86194 میٹرک ٹن چاول اور10548 میٹرک ٹن گندم وادی میں دستیاب ہے۔ انہوں نے ایجنسی سے کہا کہ وہ سٹاک پوزیشن میں بہتری لائیں تا کہ مستقبل میں غذائی اجناس کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے تقسیم کاری کے عمل میں شامل ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا۔اس موقعہ پر محکمہ کے کئی اعلیٰ افسران موجود تھے۔دریں اثنا انہوں نے وادی میں کھانڈ کی سٹاک وسپلائی پوزیشن کا جائیزہ لیا۔ انہیں جانکاری دی گئی کہ اب تک لگ بھگ3 ہزار کونٹل کھانڈ مختلف اضلاع میں تقسیم کی جاچکی ہے۔