سرینگر//وزیر مملکت برائے صحت و طبی آسیہ نقاش نے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کو فوری طور اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی تاکہ 18نئے طبی مراکز میں بلا تاخیر کام کاج شروع ہو سکے اور دور دراز اور پچھڑے علاقوں میں لوگوں کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات میسر ہوسکے۔وزیر موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار کل ڈی ایچ ایس کی ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں اس ادارے میں جاری کام کا ج کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر آسیہ نقاش کو بتایا گیا کہ وادی میں 16نئے طبی مراکز عوام کو وقف کرنے کے لئے تیار ہے جو کہ لاڈو ، کونی بل ، چرسو ، گلزار پورہ ، پنز گام ، پلوامہ ، ہرمین ،رام پورہ ، ٹکرو ، زینہ پور ہ ، شوپیاں ، سریندو ،کولگام ، بڈگام ، تری گام ، بانڈی پورہ اور ترہگام کپواڑہ میں تعمیر کئے گئے ہیں۔ وزیر نے ادویات کی سپلائی اور سٹاک پوزیشن کا بھی جائزہ لیتے ہوئے تمام طبی اداروں میں ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔وزیر موصوفہ نے محکمہ صحت کی طرف سے دستیاب عملے تشخیصی مشینوں ، ایمبولنس گاڑیوں و دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ڈی ایچ ایس ڈاکٹر سلیم الرحمان ، چیف میڈیکل افسران ، بی ایم اوز ، میڈیکل سپر انٹنڈنٹ اور این ایچ ایم کے افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔