سرینگر//ریاست کے اندر اور سرحدوں پر غیر یقینی صورتحال کو مرکز و ریاستی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پی ڈی پی بھاجپا اتحاد نے جموں و کشمیر کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کردیا ہے ۔ پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وادی بے چینی کی صورتحال سے دوچار ہے جبکہ خطہ جموں کو فرقہ پرستی کی نذر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں آئے روز انکائونٹروں،کریک ڈائونوں، چھاپہ مار کارروائیوں، توڑ پھوڑ، مارپیٹ ، گرفتاریوں اور نت نئی پابندیاں عائد کرکے غیر یقینی صورتحال کو جان بوجھ کر طول دیا جارہا ہے جبکہ جموں میں فرقہ پرستوں کی پُشت پناہی کرکے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتیں سرحدوں پر فائربندی کے معاہدے پر عمل آوری کرانے اور اندرونی حالات کو بہتر بنانے میں پوری طرح ناکام ہوگئیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت اپنا اقتدار بچانے کی تگ و دو میں آر ایس ایس کی دھنوں پر ناچ رہی ہے جبکہ مرکزی حکومت کشمیر کے تئیں سخت گیر پالیسی اپنا کر ووٹ بینک سیاست کررہی ہے۔ ڈاکٹر کمال نے دونوں حکومتوں کو خبردار کیا کہ دھونس و دبائو کی روش کو ترک کرکے افہام و تفہیم کا راستہ اپنایا جائے اور عوامی اُمنگوں اور مطالبات کی قدر کرکے ہر ایک معاملے کو سلجھانے کی پہل کی جائے۔