۔14سے 17 جنوری تک موسم خشک رہے گا
سرینگر// گلمرگ اور سونمرگ کے سیاحتی مقامات سمیت وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی جبکہ سری نگر سمیت میدانی علاقوں میں بدھ کو بارش ہوئیں۔موسمیاتی مرکز سرینگر نے کہا کہ سونمرگ، گلمرگ اور وادی کشمیر کے دیگر اونچے علاقوں میں برف باری ہورہی ہے جبکہ شمالی اور وسطی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش کے ساتھ جموں کے میدانی علاقوں میں ابر آلود اور دھند بھی ہے۔محکمہ نے کہا کہ بدھ کی شام سے برف/بارش کی شدت میں بتدریج اضافہ اورکچھ جگہوں پر، خاص طور پر بالائی علاقوں میں، بھاری برف باری ہو سکتی ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ 12 جنوری کو جموں کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برف/بارش ہو سکتی ہے، جبکہ 13 جنوری کو چند مقامات پر ہلکی برف/بارش ہو سکتی ہے اور 14-17 جنوری تک موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے دفتر نے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے کہ 11اور12 جنوری کے دوران موسم سطح کی نقل و حمل کو متاثر کر سکتا ہے، خاص طور پر اونچی جگہوں پر۔ سری نگر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صبح تک 0.3 ملی میٹر بارش ہوئی۔گلمرگ میں صبح 8.30 بجے تک 24 گھنٹوں کے دوران 6.6 سینٹی میٹر برف اور 6.0 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پہلگام میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1.1 ملی میٹر بارش بھی ہوئی۔سرینگر میں سہ پہر بعد بارش دوبارہ شروع ہوئی۔ادھر کپوارہ میں بدھ کی صبح سے ہی برف باری اور بارشو ں کا سلسلہ شروع ہوا تاہم بعد دوپہر پورے ضلع میں برف باری شروع ہوئی۔ نستہ ژھن گلی (سادھنا ) پر ۱ فٹ ،فرکیاں گلی 1،جمہ گنڈ ٹاپ 1اور زیڈ گلی مژھل 2فٹ برف ریکارڈ کی گئی جبکہ مژھل کے اندورونی علاقوں میں 9انچ برف جمع ہونے کی اطلاع ہے ۔کیرن اور کرناہ میں بارشو ں کے ساتھ ساتھ ہلکی برف باری ہونے کی اطلاع ہے ۔بھاری برف باری کے نتیجے میں ان علاقوں کو جانے والی سڑکوں کو منگل کی سہ پہر سے ہی آ مد ورفت کے لئے بند کر دیا گیا۔ ضلع کے میدانی علاقوں میں بھی 2سے 3انچ برف جمع ہوئی تھی ۔ادھر سونہ مرگ ،گگن گیر، کلن، گنڈ ،زوجیلا، منی مرگ، گومری اور دراس میں شدید برفباری کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ،شدید برفباری سے سرینگر سونہ مرگ سڑک پر پھسلن پیدا ہونے سے ٹریفک کی آمدورفت میں خلل پڑا۔ زوجیلا میں تین فٹ، دراس، منی مرگ اورگومری میں دوفٹ، سونہ مرگ دو فٹ، گگن گیر ایک فٹ، کلن اورگنڈ میں ایک فٹ برف ریکارڈ کی گئی ۔ شدید برفباری کے نتیجے میں انتظامیہ نے سونہ مرگ کی طرف کسی بھی چھوٹی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی ۔اننت ناگ ضلع کے میدانی علاقوں میں بدھ کی صبح سے ہی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پہلگام میں ایک سے دو انچ، تازہ برف جمع ہوئی ۔ادھر گلمرگ،بابا ریشی اور ٹنگمرگ میں بدھ کی صبح سے تازہ برفباری شروع ہوئی جو جاری رہی۔گلمرگ میں اٹھ انچ،افروٹ میں ایک فٹ،بابا ریشی چھ انچ اور ٹنگمرگ میں قریب پانچ انچ برف ریکارڈ کی گی ۔ادھر کولگام کے میدانی علاقوں میں صبح سے ہی ہلکی بارشوں کاسلسلہ شروع ہوا جبکہ پہاڑی علاقوں ،جن میں وٹو ،اہربل، دنیوکنڈی مرگ، کنڈ نندی مرگ وغیرہ شامل ہیں،میں ہلکی برف باری شروع ہوئی جو کہ شام دیر گئے تک جاری تھی۔ ان علاقوں میں تقریباًپانچ انچ برف جمع ہوگئی تھی البتہ میدانی علاقوں میں شام کے بعد بارشوں میں ٹھہراو آیا۔ادھر پلوامہ ضلع کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری جبکہ میدانوں میں دن میں بارشیں ہوئی۔شوپیان میں دن بھر ہلکی بارشیں ہوتی رہیں۔ 4بجے کے بعد ٹائون میں ہلکی برفباری کا آغاز ہوا جو بعد میں تھم گیا لیکن بارشیں پھر سے شروع ہوئی۔ ہیر پورہ میں سہ پہر بعد برفباری شروع ہوئی۔سدھو، اہربل،کیلر اور چھوٹی پورہ میں وقفے وقفے سے ہلکی برفباری ہوتی رہی۔دریں اثناء بانڈی ضلع کے میدانی علاقوں میں دن بھر ہلکی بارشیں ہوتی رہیں لیکن گریز، داور، تلیل اور رازدان ٹاپ پر بھاری برفباری ہوتی رہی جو رات تک جاری رہی۔ادھرخطہ چناب میں بدھ کی صبح سے رام بن بانہال سیکٹر میں بارشیں ہورہی تھیں جبکہ ضلع رام بن کی پہاڑی بستیوں اور پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر برفباری ہورہی تھی۔ جواہر ٹنل، چنجلو ، کھڑی کے مہو منگت ، ترگام ، گول اور گنوت رام بن کی بستیوں کے علاوہ نتھا ٹاپ سمیت پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر برفباری ہو رہی ہے۔ادھر ڈوڈہ ضلع کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر شام تک جاری رہا۔
جموں
شدید ٹھنڈ کے چلتے جموں میں گہری دھند کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ایک مرتبہ پھر ٹرین اور ہوائی ٹریفک بری طرح متاثرہوا۔ دھند کی وجہ سے فضائی اور ریل ٹریفک میں پھر سے خلل پڑااور جموں ہوائی اڈے پر چار پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ صبح کی کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں ۔ بدھ کو کم از کم ایک درجن ٹرینیں اپنے مقررہ وقت سے تاخیر سے پہنچیں۔ جموں ہوائی اڈے پر صبح کی دو انڈگو کی پروازیں دھند اور کم روشنی کی وجہ سے منسوخ کر دی گئیں۔ انڈگو کی صبح 9.20 اور 11.25 کی پروازیں خراب موسم کے پیش نظر جموں ہوائی اڈے سے اڑان نہ بھر سکیں ۔ اسی طرح سے شمالی ریلوے کے ایک افسر نے بتایا کہ ٹاٹا نگر جموں توی ٹرین 9 گھنٹے، راجدھانی 9 گھنٹے، مالوا ایکسپریس 7 گھنٹے، ہمسفر ایکسپریس 5 گھنٹے، بیگم پورہ ایکسپریس ساڑھے تین گھنٹے، جہلم ایکسپریس اور دیگر ٹرینیں بھی کافی تاخیر سے چلیں ۔