جموں //ریاستی سرکار نے کہا کہ کشمیر اور لداخ خطے میں 2581جنرل لائن ٹیچروں کے علاوہ 545ایس ایس اے اساتذہ کی اسامیاں خالی پڑی ہیں جبکہ سرکار نے 2581جنرل لائن ٹیچروںکی اسامیوں میں سے 1864اسامیاں سروس سلیکشن بورڈ کو بھیج دی ہیں ۔قانون ساز اسمبلی میں ممبرا سمبلی نورآباد عبدالمجید پڈر نے سرکار سے جواب طلب کیا تھا کہ وادی میں اساتذہ اور لیکچراروں کی خالی اسامیوں کی ضلع وار تفصیل فراہم کی جائے ۔سوال کے تحریری جواب میں وزیر تعلیم سید الطاف بخاری نے اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اننت ناگ ضلع میں جنرل لائن ٹیچروں اور ایس ایس اے کی کل 5896اسامیاں خالی پڑی ہیں جن میں440اسامیاں جنرل لائن جبکہ ایس ایس اے کے تحت 156اسامیاں شامل ہیں۔سرکاری ا عدادو شمار کے مطابق بانڈی پورہ ضلع میں کل 269اسامیاں خالی پڑی ہیں جن میں 169جنرل لائن ٹیچر اور 100ایس ایس اے ٹیچر شامل ہیں ۔بارہمولہ ضلع میں 585اسامیاں خالی پڑی ہیں جن میں 357جنرل لائن اور10ایس ایس اے شامل ہیں ۔ ضلع بڈگام میں جنرل لائن کی کل 176اسامیاں خالی ہیں اور وہاں ایس ایس اے کی کوئی بھی اسامی خالی نہیں ہے ۔گاندربل میں کل 177اسامیاں خالی ہیں جن میں جنرل لائن کی 144اور ایس ایس اے اساتذہ کی 33اسامیاں شامل ہیں ۔کرگل ضلع میں 70اسامیاں جنرل لائن ٹیچر وں کی خالی پڑی ہیں وہاں ایس ایس اے کی کوئی بھی اسامی خالی نہیں ہے ۔کولگام میں کل جنرل لائن اور ایس ایس اے اساتذہ کی کل 145اسامیاں خالی ہیں جن میں 96جنرل لائن اور 47ایس ایس اے کی اسامیاں شامل ہیں ۔کپوارہ ضلع میںکل 302اسامیاں خالی ہیں جن میں 57جنرل لائن اور 59ایس ایس اے شامل ہیں ۔ ضلع لیہہ میں صرف 9جنرل لائن اساتذہ کی اسامیاں خالی ہیں ۔ضلع پلوامہ میں 302اساتذہ کی اسامیاں خالی ہیں جن میں 284 جنرل لائن اور 18ایس ایس اے کی اسامیاں شامل ہیں ۔شوپیاں ضلع میں 164اسامیاں خالی ہیں جن میں 100جنرل لائن اور 64ایس ایس اے اساتذہ کی اسامیاں شامل ہیں ۔ سرینگر ضلع میں 661جنرل لائن ٹیچر وں اور 545اسامیاں جنرل لائن اساتذہ کی شامل ہیں ۔ سرکار نے مزید بتایا کہ وادی میں اس وقت 10+2لیکچروں کی 1223اسامیاں موجود ہیں ۔تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ 1059لیکچراروں کی اسامیاں 2016میں پبلک سروس کمیشن کو بھیجی گئیں تھیں جس میں سے 915اسامیوں کو منتخب کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن سے کہا گیا ہے کہ وہ نئے لیکچروں کو خالی جگہو ں پر بھیجا جائے ۔