غلام نبی رینہ+محمد تسکین+عشرت بٹ
سرینگر+کنگن+بانہال+پونچھ //وادی اور پیر پنچال میں ہلکے و درمیانی درجے کے برف و باراں سے سردی کی شدت میں کمی آئی۔گلمرگ ، پیر کی گلی ، سونہ مرگ اور دیگر بالائی علاقوں میںدرمیانی درجے جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی۔مغل روڑ، لداخ شاہراہ اور سنتھن کشتواڑ روڑ بند کردیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ دوپہر سے موسم میں ٹھہرائو آئیگا۔ وادی کشمیر میں شدید سردی سے اہلیان وادی کو کئی دنوں بعد راحت ملی ہے ۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کہ 29اور 30دسمبر کی درمیانی شب برف و باراں کا مرحلہ آئیگا۔وادی میں قریب 4بجے سے ہلکی برفباری شروع ہوئی تاہم بالائی علاقوں اور گلمرگ، ٹنگمرگ،سونہ مرگ، بانڈی پورہ، گریز، شوپیان،پہلگام،قاضی گنڈ میں قدرے تیز رفتاری کیساتھ برف گری۔ اس دوران سونہ مرگ، پیر کی گلی اور سنتھن و مرگن ٹاپ پر زیادہ برفباری کی وجہ سیلداخ شاہراہ کے علاوہ مغل روڑ، گریز بانڈی پورہ شاہراہ اور کشتواڑ سنتھن اور مرگن ٹاپ روڑ بند کئے گئے۔سونہ مرگ میں 6انچ،زوجیلا میں نصف فٹ، گگن گیر میں 4 انچ، کلن 4انچ، گنڈ میں 3انچ برف جمع ہوئی تھی۔رات 9بجے تک سونہ مرگ سے سیاحوں کو لیجانے والی 25گاڑیوں کو کنگن کی طرف واپس لایا جارہا تھا۔مشتاق الحسن کے مطابق گلمرگ کے ساتھ ساتھ بابا ریشی، ٹنگمرگ اور درنگ میں برفباری کا سلسلہ دوپہر سے شروع ہوا ۔گلمرگ میں چار انچ، بابا ریشی میں تین انچ اور ٹنگمرگ میں قریب 2 انچ برف شام تک ریکارڈ ہوئی تھی ۔ٹنگمرگ گلمرگ روڈ پر پھسلن کی وجہ سے دن بھر زبردست ٹریفک جام رہا ۔ خطہ پیر پنچال کے بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی۔ پونچھ اور راجوری کے لورن،ساوجیاں، منڈی، سرنکوٹ، ڈی کے جی بدھ تھنہ منڈی،کوٹرنکہ، بدھل، درہال سمیت پیر کی گلی میں برف باری ہوئی۔ جمعرات کی بعد دوپہر سے بانہال اور رام بن کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں جبکہ پہاڑوں پر تازہ برفباری کا سلسلہ شام تک جاری رہا۔ تاہم جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بلا خلل جاری رہی۔ بانہال میں چناب رینج کے پہاڑی سلسلے پر تازہ برفباری ہوئی جبکہ بانہال اور رام بن کے نچلے علاقوں میں بارشیں ہوتی رہیں۔
دودھ پتھری میں پھنسے 52 سیاحوں کو بچایا گیا
یو این آئی
سرینگر // وسطی ضلع بڈگام کے سیاحتی مقام دودھ پتھری میں جمعرات کی سہ پہر کو بھاری برف باری کے بیچ 52 سیاح پھنس کر رہ گئے تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں سبھی سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ خانصاحب پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ پریہاس دودھ پتھری سیاحتی مقام کے نزدیک 52سیاح برف باری کے بیچ پھنس کررہ گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران برف باری میں پھنسے ہوئے 52سیاحوں کو محفوظ جگہ منتقل کیاگیا۔معلوم ہوا ہے کہ سیاحوں کو ٹنگہ نار بڈگام میں رہائشی سہولیت فراہم کی گئی۔