نیویارک//عالمی سطح پر کووڈ 19 سے متاثرہ افراد میں چار ہفتوں کے دوران مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں نئے متاثرہ افراد کی تعداد 33 لاکھ تک جا پہنچی ہے جب کہ کرونا وائرس سے اموات کی تعداد مسلسل چھ ہفتوں تک کم ہونے کے بعد 60 ہزار اضافی اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔دنیا میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) کی وبا سے متاثر مریضوں کی تعداد 12.47 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اس خطرناک وائرس کی زد میں آنے سے 27.43 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر کرونا سے ہر دس میں سے آٹھ اموات یورپ اور امریکہ میں واقع ہوئیں۔ سوائے مغربی بحرالکاہل خطے کے، دنیا کے تمام خطوں میں مرض کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتوں میں عمومی طور پر براعظم افریقہ اور امریکہ کے ممالک میں کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی شرح ایک سطح پر برقرار رہی۔ البتہ برازیل سمیت کچھ ممالک میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ برازیل میں کیسز کی شرح میں تین فیصد اضافہ ہوا۔امریکہ میں اس عرصے میں 374369 نئے کیسز سامنے آئے جب کہ اسی دوران بھارت میں 240082 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔ یوں بھارت میں متاثرہ افراد کی شرح میں 62 فیصد اضافہ ہوا۔عالمی ادارے کے مطابق برطانیہ سے پھیلنے والی کرونا وائرس کی قسم اس وقت دنیا کے تمام خطوں میں واقع 125 ممالک تک پھیل چکی ہے۔
ادارہ صحت کے مطابق وائرس کی اس قسم سے زیادہ مریضوں کے ہسپتالوں میں داخلے، مرض کی شدت میں اضافے اور اموات کی شرح میں اضافے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔اپنی تازہ ترین رپورٹ میں عالمی ادارہ صحت نے ایک تحقیق کا حوالہ دیا جس میں دیکھا گیا کہ برطانیہ میں 55 ہزار کووڈ 19 کے مریضوں میں سے گزشتہ سال اکتوبر سے اس سال جنوری تک اس نئی قسم کے وائرس سے ہر 1000 میں سے چار اعشاریہ ایک کی شرح سے اموات واقع ہوئیں۔ جبکہ اس سے قبل وائرس کی قسم سے شرح اموات دو اعشاریہ پانچ فی ہزار تھی۔برطانوی قسم کے علاہ جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والی وائرس کی قسم اس وقت دنیا کے 75 ممالک میں پھیل چکی ہے۔ ایک تازہ ترین تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جنوبی افریقہ میں اس سال جنوری میں آنے والی کووڈ 19 کی لہر کے دوران اس قسم کے وائرس کے باعث شرح اموات میں 20 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔اس کے علاہ اس متعدی وائرس کی ایک تیسری قسم پی ون ہے جو وائرس کی ابتدائی قسم سے دو اعشاریہ پانچ فیصد تیز رفتاری سے پھیلتی ہے۔
روسی صدر نے بھی ویکسین لگوا لی
ماسکو//روسی صدر ولادی میر پیوتن نے بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوالی۔روسی صدر کے پریس سیکریٹری نے بتایا کہ صدر مملکت کو کورونا وائرس کے خلاف روسی ساختہ ویکسین کی پہلی خوراک لگائی گئی،صدر کو دوسری خوراک تین ہفتے بعد لگائی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ صدر پیوتن ویکسین لگوانے کے بعد بہتر محسوس کر رہے ہیں، اور کل سے معمول کا کام شروع کر دیں گے۔روسی صدر کو لگائی گئی ویکسین کے بارے میں معلومات کو پوشیدہ رکھا گیا ہے۔دنیا بھر میں کورونا سے متاثر 10 کروڑ12 لاکھ88 ہزار273 افراد صحت یاب ہوچکے۔