عظمیٰ نیوز ڈیسک
پٹنہ// جولائی کے مہینے میں ہی بہار کے کئی اضلاع میں سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ نیپال میں موسلادھار بارش کے درمیان اتوار کو کوسی بیراج کے تمام 56 دروازے کھول دئے گئے۔ کوسی بیراج سے 3 لاکھ 94 ہزار کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے۔ گیٹ کھلتے ہی بہار میں کوسی ندی کے پانی کی سطح تیزی سے بڑھنے لگی۔ سیلابی پانی کئی دیہاتوں میں داخل ہو گیا ہے۔ اس سے ہزاروں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق، 44 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ جولائی کے مہینے میں کوسی بیراج سے تقریباً 4 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے۔ کوسی ندی کی سطح آب میں اضافے کے بعد سپول، سہرسہ اور مدھے پورہ سمیت کئی اضلاع میں سیلاب کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔