لاہور//پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے ہمارے 3 اہم بالرز ان فٹ ہیں جو ہماری بدقسمتی ہے ، تاہم امید ہے دورہ نیوزی لینڈ میں ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اہم بالرز کی عدم موجودگی میں محمد عامر اور حسن کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے ، امید ہے جس طرح یہ بالنگ لائن کو لے کر چل رہے ہیں نیوزی لینڈ میں بھی ایسی کارکردگی دکھائیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ دوسرے ملک کی ہوم کنڈیشن میں کھیلنے میں تھوڑی مشکلات ہوتی ہیں لیکن کوشش یہی کریں گے کہ جس کی ٹیم میں جگہ بن سکے اسے کھلایا جائے ۔سرفراز احمد نے کہا کہ بطور کپتان میری یہی کوشش ہے کہ ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے اور سیریز جیت سکیں۔انہوں نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران پچ کی حالت دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ آیا 4 بالرز کے ساتھ کھیلنا ہے یا 5 بالرز ٹیم میں شامل کرنے ہیں۔ دریں اثناء پاکستانی ٹیم کے بالنگ کوچ اظہر محمود نے نیوزی لینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر مشکل حریف قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے پاکستانی ٹیم ون ڈے اور ٹی20 میں عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیمپ میں ٹریننگ بہت اچھی رہی اور اس کی بدولت کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ مضبوط ٹیم ہے اور ان کو آسان حریف نہیں سمجھنا چاہیے کیونکہ ہمیں میزبان ٹیم کے ساتھ ساتھ موسم کی مناسبت سے کنڈیشن کو سمجھنا ہوگا اور بالرز کو بھی اسی لحاظ سے بالنگ کرنی پڑے گی۔سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ نیوزی لینڈ ہوم گراونڈ میں مشکل ٹیم ہے اور ان کے کھلاڑی اچھا کھیلتے ہیں لیکن ہم بھی جیت کیلئے پراعتماد ہیں، ہم 9میچ جیتے ہوئے ہیں اور ٹیم کے تمام کھلاڑی ریگولر ہیں لہٰذا تو امید ہے اچھا کھیلیں گے ۔یو این آئی۔