جموں// نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ نیو سرینگر ماسٹر پلان ایک جامع دستاویز ہوگا جس سے شہر کی ترقیاتی ضروریات کو یقینی بنایا جائے گا۔نائب وزیر اعلیٰ ماسٹر پلان سرینگر۔2035 کے ایک مسودے کی موجودہ صورتحال کا جائیزہ لینے کے سلسلے میں طلب کی گئی ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر وزیر برائے ریلیف، باز آباد کاری جاوید مصطفی میر، وزیر برائے تعلیم الطاف بخاری، وزیر مملکت برائے مکانات و شہری ترقی آسیہ نقاش، فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال، سیکرٹری صحت عامہ، اری گیشن و فلڈ کنٹرول ایم راجو، کمشنر ایس ایم سی، وی ی لاؤڈا، ڈی سی سرینگر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں ٹاؤن پلاننگ آرگنائزیشن کشمیر کی جانب سے ترتیب دئے گئے ماسٹر پلان سرینگر2035 کے مسودے سے متعلق پاور پوائنٹ پریذنٹیشن پیش کی گئی جس میں ماسٹر پلان منصوبہ جات کی موثر طور سے عمل آوری پر زور دیا گیا ہے۔میٹنگ میں ماسٹر پلان میں کچھ ہیری ٹیج نوعیت کی عمارتوں کی منتقلی سے متعلق ریزرویشن ظاہر کی گئیں۔ میٹنگ میںسعیدہ کدل سے کہن کھن تک موجودہ ویسٹرن فور شو روڈ کی تعمیر سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ اس روڈ کے باقی حصہ پر ترجیحی بنیادوں پر کام ہاتھ میں لیا جائے گا۔میٹنگ میں سیلاب سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے شہر میں قیام پذیر لوگوں کے لئے معقول اقدامات اُٹھانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ کے دوران فلڈ کنٹرول محکمہ کو ڈوگری پورہ سے جھیل وُلر تک اضافی فلڈ چینل کی تعمیر کے لئے ڈی پی آر مرتب کرنے کی ہدایت دی گئی۔نائب وزیر اعلیٰ نے فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کو ہدایت دی کہ وہ دو ہفتوں کے اندر آرا ء کو حتمی شکل دے کر ماسٹر پلان کے فریم ورک کومنظوری کے لئے پیش کریں۔انہوں نے شہرمیں لوگوں کو مکانات کی ضرورت سے متعلق ماسٹر پلان میں کچھ ترامیم کی بھی ہدایت دی۔