بانہال// جموں وکشمیر کے لوگوں کو مصائب ومشکلات میں مبتلا کرنے اور ریاست میں غیریقینی جیسی صورت حال پیداکرنے کے لئے نیشنل کانفرنس کے بانہال یونٹ کی جانب سے آج قصبہ میں زبر دست احتجاج کیا گیا ۔ اس موقعہ پر ضلع صدر سجاد شاہین نے پرُ احتجاج لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پی ڈی پی ، بی جے پی حکومت ریاست میں لوگوں کے جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے اورامن وقانون کی صورت حال برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریاست کی اقتصادی حالت دن بدن ابتر ہورہی ہے بعد میں پارٹی ورکروں کی ایک میٹنگ میں پرُ امن شہروں پر سیکورٹی فروسز کی جانب سے کئے گئے تشدد کی مذمت کی گئی۔ میٹنگ میں صدر جمہوریہ ہند سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ موجودہ ریاستی حکومت کو جلد از جلد برطرف کریں۔اور ریاست میں گورنرراج نافذ کیا جائے تاکہ امن وامان بحال ہوسکے ۔ میٹنگ میں بتایاگیا کہ موجودہ حکومت عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔ میٹنگ میں حلقہ انتخاب بانہال کے نیشنل کانفرنس کے بلاکر اور حلقہ کے صدور اوردیگر ورکروں نے شرکت کی۔