عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے بدھ کے روز وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پر ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (MCC) کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اس معاملے پر الیکشن کمیشن آف انڈیا (ECI) سے باضابطہ شکایت کرے گی۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اسمبلی کے اجلاس کے دوران بڈگام کے اومپورہ میں نیشنل لاء یونیورسٹی (NLU) کی کلاسز شروع کرنے کا اعلان کیا، جو کہ ضلع میں جاری ضمنی انتخابات کے دوران نافذ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔”وزیر اعلیٰ نے ایوان میں اعلان کیا کہ نیشنل لاء یونیورسٹی کی کلاسز بڈگام میں شروع ہوں گی۔ یہ بیان واضح طور پر MCC کے خلاف ہے، جو اس وقت ضلع میں ضمنی انتخاب کی وجہ سے نافذ العمل ہے”، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر وزیر اعلیٰ واقعی احتساب پر یقین رکھتے ہیں تو انہیں اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ دینا چاہیے۔ “ورنہ بی جے پی الیکشن کمیشن سے مناسب کارروائی کا مطالبہ کرے گی۔شرما نے سوال اٹھایا کہ MCC کے نفاذ کے دوران حکومت کو ایسے اعلانات کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہوتا، کیونکہ اس سے ووٹرز پر اثر پڑ سکتا ہے۔ “جب الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق نافذ کر رکھا ہے، تو حکومت کو پالیسی فیصلے یا اعلانات کرنے کا کوئی حق نہیں”، بی جے پی رہنما نے اس بیان کو ضمنی انتخاب سے قبل سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے سابقہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اداروں کے خلاف مسلسل بے اعتنائی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ “ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے، یہ معاملہ الیکشن کمیشن تک لے جایا جائے گا۔